ملتان، پابندی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ میں ایل پی جی سلنڈروں کے استعمال پر شہریوں کا شدید تشویش کا اظہار،فوری ہٹانے کا مطالبہ

جمعہ 18 جولائی 2025 21:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) ملتان میں پابندی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ میں ایل پی جی سلنڈرکے استعمال پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹریفک پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کی غفلت قرار دیا ہے۔جمعہ کے روز ’’ اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے کہا کہ ملتان سے جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں چلنے والی اکثر مسافر گاڑیاں پابندی کے باوجود ایل پی جی گیس پر چلائی جا رہی ہیں،جن میں سے بیشتر میں گیس سلنڈرز سیٹوں کے نیچے نصب ہیں یا براہ راست مسافروں کے قریب رکھے ہوئے ہوتے ہیں،جو کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کا باعث بن سکتے ہیں،اور تو اور سڑک کنارے جگہ جگہ بنیادی حفاظتی و احتیاطی تدابیر کے بغیر ایل پی جی سلنڈروں میں ایندھن بھرنے کیلئے قائم پوائنٹس نے صورتحال مزید خطرناک کی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

مسافر گاڑیوں میں پابندی کے باوجودکھلے عام ایل پی جی گیس کا استعمال ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹریفک پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے،کسی بھی نا خوشگوار واقعہ پیش آنے پر مذکورہ ادارے قصور وار ہوں گے۔ ملتان سے کہروڑپکا جانے والے آقاش نامی ایک مسافر نے بتایا کہ ملتان سے کہروڑپکا، دنیا پور اور دیگر علاقوں میں چلنے والی اکثر گاڑیوں میں ایل پی جی گیس استعمال ہو رہی ہے۔

مسافر گاڑیوں میں ایل پی جی سلنڈروں کے استعمال کے مسئلے کو وہ کئی بار ٹرانسپورٹرز کے سامنے اٹھا چکے ہیں لیکن انہوں نے کوئی مثبت جواب نہیں دیا،خطرناک اور خوفناک صورتحال کے باوجود وہ سفر کرنے پر مجبور ہیں۔سیکرٹری آر ٹی اے ملتان محسن نثار نے’’ اے پی پی‘‘ سے گفتگو میں بتایا کہ کسی بھی ناگہانی واقعہ سے بچنے کے لیے ضلع بھر میں ایل پی جی پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن جاری ہے، مختلف محکموں کے افسران پر مشتمل خصوصی مشترکہ ٹاسک فورس صورتحال کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ میں ایل پی جی سلنڈر کے استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنسن پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

دیگر کئی مسافروں نے بتایا کہ ملک میں مختلف مقامات پر ایل پی جی سلنڈر دھماکوں کے کئی المناک حادثات پیش آ چکے ہیں، ان حادثات کے باوجود تاحال کوئی عملی حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں،ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے گاڑیوں کی فوری معائنہ مہم، ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ ٹیموں کی جانب سے روڈ پر قائم غیر قانونی ایل پی جی ری فیولنگ پوائنٹس کے خلاف جامع کریک ڈاؤن اور پبلک ٹرانسپورٹ میں ایل پی جی کے استعمال کے خطرات سے متعلق عوامی آگاہی مہم کی فوری ضرورت ہے۔

شہریوں نے مزید بتایا کہ پابندی کے باوجود ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے والی مسافر گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے بنائے گئے خصوصی ٹاسک تک انہیں کوئی رسائی حاصل نہیں ہے۔شہریوں نے اعلیٰ حکام اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے سے متعلق اپنی شکایات کے اندراج کے لیے کم از کم رابطہ نمبر یا کوئی ہنگامی ہیلپ لائن نمبر ظاہر کریں۔