وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستان نے گزشتہ 14 سالوں میں پہلی مرتبہ کرنٹ اکائونٹ سرپلس حاصل کیا ہے،بلال اظہر کیانی

جمعہ 18 جولائی 2025 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ مالی سال 2025 کے دوران، وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے گزشتہ 14 سالوں میں پہلی مرتبہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کیا ہے۔ آخری مرتبہ سالانہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس مالی سال 2011 میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ مالی سال 2025 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 2.1 ارب ڈالر رہا، جبکہ مالی سال 2024 میں 2.1 ارب ڈالر کا خسارہ تھا۔

یوں ایک سال کے اندر کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس میں 4.2 ارب ڈالر کی مثبت تبدیلی آئی، جو کہ گزشتہ 22 سالوں میں (مالی سال 2003 کے بعد سے) سب سے بڑا سالانہ سرپلس ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ نمایاں بہتری معیشت میں استحکام اور بہتری کے اُس وسیع تر عمل کا حصہ ہے، جو حکومت نے گزشتہ مالی سال کے دوران حاصل کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مالی سال 2025 کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر میں 26.6 فیصد اضافہ ہوا، جو 8 ارب ڈالر اضافے کے ساتھ 38.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

یہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2025 میں اشیاء کی برآمدات میں 4.2 فیصد اضافہ ہوا، جو 1.3 ارب ڈالر کے اضافے کے ساتھ 32.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ خدمات (Services) کی برآمدات میں 9.1 فیصد اضافہ ہوا، جو 703 ملین ڈالر کے اضافے کے ساتھ 8.4 ارب ڈالر تک جا پہنچیں۔آئی ٹی اور ٹیلی کام خدمات کی برآمدات میں بھی 18.1 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، جو 586 ملین ڈالر کے اضافے کے ساتھ 3.8 ارب ڈالر رہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت مالی سال 2025 میں حاصل کردہ میکرو اکنامک استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور معیشت کو برآمدات پر مبنی، جامع (inclusive) اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کوشاں ہے۔