Live Updates

مون سون کے ساتھ تین مزید لو پریشر سسٹم ٹکرانے کو تیار ، ویدر سسٹمز کا ٹکرا ئوہوا تو کلائوڈ برسٹ کا خطرہ پیدا ہو جائیگا‘ ڈاکٹر طیب

ہفتہ 19 جولائی 2025 13:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)مون سون کے ساتھ تین مزید لو پریشر سسٹم باہم ٹکرانے کو تیار ہیں، ویدر سسٹمز کا ٹکرا ئوہوا تو اس سے کلائوڈ برسٹ کا خطرہ پیدا ہو جائے گا اور جس علاقے میں کلائوڈ برسٹ ہو گا وہاں غیر معمولی صورتحال پیدا ہو جائے گی،جولائی کا آخری ہفتہ پاکستان میں خطرناک بارشیں لا سکتا ہے۔ این ڈی ایم اے کے ٹیکنیکل ایکسپرٹ ڈاکٹر طیب نے انکشاف کیا ہے کہ جنوبی پنجاب اور شمالی سندھ میں موسمیاتی پیٹرن بن رہے ہیں۔

اپ ڈیٹ یہ ہے کہ تین لو پریشر سسٹم بن رہے ہیں،ایک بڑا لو پریشر بھارت کے صوبہ مدھیہ پردیش میں ہے اس کا اثر پاکستان تک آئے گا،جنوبی پنجاب اور شمالی سندھ میں موسمیاتی پیٹرن بن رہے ہیں، دوسرا لو پریشر سسٹم بحیرہ عرب اور گجرات سے گزر کر پاکستان میں داخل ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایک تیسرا لو پریشر سسٹم ویسٹرلی ونڈز کا ہے جو شمال سے پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے،اگر یہ تین لو پریشر سسٹم پاکستان کے مختلف علاقوں میں ایک دوسرے سے دور رہے تو الگ صورتحال ہو گی، اس صورت میں مون سون کو بھارت سے آنے والا سسٹم کافی بارش تو برسائے گا لیکن یہ بارش غیر معمولی نہیں ہو گی، دوسرے لو پریشر سسٹم بھی کسی حد تک معمولی نوعیت کی بارش محدود علاقوں میں برسا سکیں گے۔

تین مختلف اطراف سے آگے برھ رہے تین لو پریشر سسٹم اگر پاکستان کی فضا ء میں کسی جگہ اکٹھے ہو گئے، یا اوور لیپ ہوئے تو جن علاقوں مین اوور لیپنگ یا تصادم،ادغام ہو گا وہاں غیر معمولی بارش ہو سکتی ہے اور کلائوڈ برسٹ بھی ہو سکتا ہے جس کے نتیجہ میں کم وقت میں بہت زیادہ پانی برس کر کسی ایک جگہ پر سیلاب کی کیفیت پیدا کر سکتا ہے، یہ کلائوڈ برسٹ خیبر پختونخوا ہ کے بالائی علاقوں، کشمیر کے علاقوں میں ہوا تو اس سے مقامی نالوں اور سندھ، جہلم دریائوں میں سیلاب کی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے، پنجاب کے کسی بھی آباد علاقہ میں تین لو پریشرز مین سے دو یا تینوں اکٹھے ہو گئے تو اس علاقہ میں غیر معمولی بارش سے خطرناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

موسم کے ماہرین کہہ رہے ہیں کہ لو پریشر کے تین سسٹمز کی ایک ہی وقت میں موجودگی سے جولائی کے آخری ہفتے ملک بھر میں الگ الگ بارشوں کا امکان ہے۔ یہ بارشین الگ الگ ہی رہیں تو زیادہ خطرہ نہیںہو گا، خطرہ لو پریشر سسٹمز کے اکٹھے ہو جانے سے ہو گا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات