بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی،علاج کیلئے امریکہ روانہ

سپرسٹار اداکار ممبئی کے گولڈن ٹوباکو سٹوڈیو میں ایکشن سین کی شوٹنگ کر رہے تھے کہ اس دوران انہیں پٹھوں کی چوٹ آئی، ڈاکٹروں نے بالی ووڈ سٹار کو ایک ماہ آرام کرنے کا مشورہ دیدیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 19 جولائی 2025 14:30

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی،علاج کیلئے امریکہ ..
ممبئی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جولائی 2025)بانی ووڈ کنگ شاہ رخ خان فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے،بالی ووڈ سپرسٹار کو علاج کیلئے امریکہ منتقل کردیا گیا، ڈاکٹروں نے بالی ووڈ سپرسٹار شاہ رخ خان کو ایک ماہ آرام کرنے کا مشورہ دیدیا ، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان ممبئی کے گولڈن ٹوباکو سٹوڈیو میں  ایکشن سین کی شوٹنگ کر رہے تھے کہ اس دوران انہیں پٹھوں کی چوٹ آئی اگرچہ یہ چوٹ سنگین نہیں ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے شاہ رخ خان کو صحت یابی کیلئے ایک ماہ کا آرام تجویز کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگ فلم کی شوٹنگ کے دوران شاہ رخ خان کے مسلز متاثر ہوئے۔ بالی ووڈ اداکار نے فلم شوٹنگ سے ایک ماہ کی چھٹی لے لی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان کی چوٹ کی تفصیلات ابھی تک پوشیدہ رکھی گئی ہیں لیکن یہ ایک پٹھوں کی چوٹ ہے جو زیادہ سنگین نہیں ہے۔

(جاری ہے)

شاہ رخ خان اور ان کی ٹیم فوری علاج کیلئے امریکہ روانہ ہوگئی ہے۔ شاہ رخ خان کی صحت کے حوالے سے جاری تشویش کے باوجود ان کے مداحوں کی امید ہے کہ وہ جلد اپنی توانائی کے ساتھ سیٹ پر واپس آئیں گے اور ”کنگ“ کے شوٹنگ شیڈول کو مکمل کریں گے۔

فلم”کنگ“ کی شوٹنگ کا اگلا شیڈول اب ستمبر یا اکتوبر میں شروع ہونے کی توقع ہے کیونکہ شاہ رخ خان کو مکمل صحت یابی تک آرام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس دوران جولائی اور اگست میں طے شدہ تمام شوٹنگ شیڈولز منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔ بالی ووڈ کے بے تاج بادشاہ اپنے 30 سالہ کیریئر میں ایک بار پھر اپنے مداحوں کے سامنے ایک نئی فلم ”کنگ“ کے ذریعے واپس آ رہے ہیں۔

یہ فلم نہ صرف ان کی واپسی کی علامت ہے بلکہ ان کی بیٹی سہانا خان کی پہلی سکرین نمائش بھی ہوگی۔ فلم کی ہدایتکاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں جنہوں نے شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کو ”پٹھان“ میں بھی ڈائریکٹ کیا تھا۔ فلم ”کنگ“ ایک انتقامی تھرلر کے طور پر سامنے آ رہی ہے جس میں شاہ رخ خان ایک قاتل کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ایک المناک واقعے کے بعد سہانا خان کے کردار کے ساتھ انتقام لینے نکلتا ہے۔