پاکستان اور آذربائیجان کا مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر اتفاق ،مقصد دوطرفہ روابط مضبوط بنانا اور تعلقات کو ریل و تجارتی انفراسٹرکچر پر مرکوز سٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا ہے

ہفتہ 19 جولائی 2025 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) پاکستان اور آذربائیجان نے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر اتفاق کیا ہے جس کا مقصد دوطرفہ روابط کو مضبوط بنانا اور اپنے تعلقات کو ریل اور تجارتی انفراسٹرکچر پر مرکوز سٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا ہے۔اس عزم کا اظہار ہفتے کو وزیر مملکت برائے ریلوے اور خزانہ بلال اظہر کیانی کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔

اس موقع پر سرحد پار روابط کو مضبوط بنانے اور باہمی اقتصادی مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے کے لیے اہم سٹیک ہولڈرز کو یکجا کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔وزیر مملکت نے آذربائیجان کے ساتھ ریل کے ذریعے تجارتی روابط بڑھانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان ریلوے کی ترقی اور جدید کاری کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔

سیکرٹری ریلوے بورڈ محمد یوسف نے پاکستان کے ریلوے نیٹ ورک کے بارے میں اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی جس میں ادارے کی موجودہ صلاحیت پر روشنی ڈالی گئی اور علاقائی مال برداری اور لاجسٹکس آپریشنز کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے مستقبل میں توسیع کے امکانات کا خاکہ پیش کیا۔اجلاس کے دوران پاکستان، ازبکستان اور افغانستان کے درمیان طے پانے والے ریل معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا اور علاقائی رابطوں کو آگے بڑھانے میں اس کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ رابطوں کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس میں مختلف وزارتوں اور محکموں کے اہم حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری ریلوے سید مظہر علی شاہ اور سیکریٹری ریلوے بورڈ محمد یوسف کے علاوہ سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی )، نیشنل لاجسٹک کارپوریشن (این ایل سی )، میری ٹائم افیئرز اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے سینئر حکام بھی موجود تھے جبکہ آذربائیجان کے وفد نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔