ایشیائی ترقیاتی بینک کے ماہرین کا کراچی سے روہڑی ریلوے لائن کا معائنہ

ہفتہ 19 جولائی 2025 17:42

ایشیائی ترقیاتی بینک کے ماہرین  کا کراچی سے روہڑی ریلوے لائن کا معائنہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) ایشیائی ترقیاتی بینک کے ماہرین نے کراچی سے روہڑی ریلوے لائن کا معائنہ کیا۔ بینک کے چیف ٹرانسپورٹ پلانر سنگیون کِم نے چیف انجینئر اوپن لائنز پاکستان ریلویز کے ہمراہ 480 کلومیٹر ٹریک کی انسپکشن کی۔ اس موقع پر ریلوے کے انفراسٹرکچر سپیشلسٹ، ڈی ایس کراچی، ڈی ایس سکھر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کے ماہرین، چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلویز، اے جی ایم انفراسٹرکچر اور ایم ایل ون کی ورکنگ پر مامور چینی ماہرین سے بھی ملاقات کریں گے۔اے ڈی بی کے فیکٹ فائنڈنگ سپیشلسٹ مین لائن ون پراجیکٹ کی تیاری کے حوالے سے رپورٹ مرتب کریں گے جس کے بعد منصوبے کی فنانسنگ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔کراچی تا روہڑی ٹریک اپ گریڈیشن ایم ایل ون کے پہلے پیکج کا حصّہ ہے۔ ٹریک کی اپ گریڈیشن سے نہ صرف ریکو ڈک تک رسائی آسان ہو گی بلکہ تھر کول کی ترسیل بھی بلا تعطل اور تیز ہو گی۔