رانا مشہود احمد خاں کی نو منتخب نیشنل ایڈوائزر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خاں سے ملاقات، کشمیر کی صورتحال پر گفتگو

ہفتہ 19 جولائی 2025 18:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے نو منتخب نیشنل ایڈوائزر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خاں سے ملاقات کی۔یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات میں سیاحت کی ترقی، قومی پیش رفت اور آزاد کشمیر میں سیاحت کی بڑھتی ہوئی اہمیت جیسے اہم شعبوں پر تبادلہ خیال کیا،خاص طور پر ان شعبوں میں نوجوانوں کے کردار پر خصوصی زور دیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے قومی سیاست کی بدلتی ہوئی صورتِ حال، پاکستان کی سیاحت کی صنعت کے مواقع اور خاص طور پر آزاد کشمیر جیسے قدرتی وسائل سے مالا مال خطے میں، پائیدار اور ماحول دوست سیاحت کے فروغ میں نوجوانوں کے اہم کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو سیاحت اور ہوٹل مینجمنٹ جیسے شعبوں میں تربیت دے کر روزگار اور کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ کشمیر کی ثقافتی ورثے، قدرتی مناظر اور ایڈونچر ٹورزم کو فروغ دینا معیشت کو ترقی دینے اور قومی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں معاون ہو سکتا ہے۔سردار یاسر الیاس خاں نے پاکستان میں سیاحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عزم ظاہر کیا، اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، انفراسٹرکچر کی بہتری اور نوجوانوں کی قیادت میں سیاحتی سٹارٹ اپس کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے یوتھ پروگرام کی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیاگیا کہ سیاحت کے شعبے میں نوجوانوں کے لیے مواقع بڑھانے اور پاکستان، بالخصوص آزاد کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر ایک نمایاں سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔