پی ٹی آئی نے اپنے دور میں متعدد شعبوں میں قوم کو نقصان پہنچایا، اختیار ولی

مسلم لیگ ن کی قیادت عالمی معیشت میں ملک کا موثر امیج بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے، رہنما مسلم لیگ (ن)

ہفتہ 19 جولائی 2025 18:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)وزیر اعظم کیکوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و نشریات اور امور خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے پی ٹی آئی پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اپنے دور میں متعدد شعبوں میں قوم کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا جبکہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں پاکستان کی عالمی معیشت میں موثر امیج بنانے کی کوششوں کو سراہا۔

ہفتے کو نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی)پر اپنے دور حکومت میں اہم قومی اداروں کو گروی رکھنے پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پالیسیوں نے نہ صرف ملکی معیشت کو کمزور کیا بلکہ سٹریٹجک اثاثوں کو خطرے میں ڈال کر قومی خودمختاری پر بھی سمجھوتہ کیا، اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات پارٹی کے وڑن کی کمی اور قومی مفادات کو نظر انداز کرنے کی عکاسی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم لیگ (ن) کی زیر قیادت حکومت اب بین الاقوامی اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اعتماد کی بحالی کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے جسے پی ٹی آئی کی محاذ آرائی اور غیر مستقل مزاجی اور پالیسی کی وجہ سے شدید نقصان پہنچا۔ اختیار ولی خان کے مطابق علاقائی امن، اقتصادی ترقی اور قومی سلامتی کے لیے مضبوط سفارتی تعلقات ضروری ہیں ، موجودہ حکومت عالمی سطح پر ملک کی ساکھ بحال کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

انہوں نے ریاستی اداروں کے استحکام بارے اقدامات اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے قومی سیاست کو کمزور کیا ،موجودہ حکومت ملک میں دیرپا استحکام اور ترقی لانے کے لیے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے، شفافیت کو یقینی بنانے اور میرٹ پر مبنی طرز حکمرانی کو فروغ دینے پر یقین رکھتی ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے علی امین گنڈا پور کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ حکمرانی اور عوامی فلاح پر توجہ دینے کے بجائے انتشار اور عدم استحکام پیدا کر رہے ہیں۔

اختیار ولی خان نے کہا کہ گنڈا پور کے اقدامات سیاسی پختگی اور سنجیدگی کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں جو خیبر پختونخوا میں پہلے سے ہی نازک سیاسی ماحول کو مزید نقصان پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن متحد اور صوبائی اسمبلی کو بحال کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ان کے مطابق تمام اپوزیشن جماعتیں صوبے میں استحکام اور امن و امان یقینی بنانے کے لیے آئینی و جمہوری اقدامات کرنے کے لیے مناسب وقت کا انتظار کر رہی ہیں۔