صوبائی وزیر کھیل کی ایشیئن انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان کی کامیابی پر قوم کو مبارکباد

ہفتہ 19 جولائی 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے ایشیئن انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان کی تاریخی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ پاکستان نے فائنل میں دفاعی چیمپئن ایران کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا، جو کہ ایک غیر معمولی اور قابل فخر کارنامہ ہے۔اپنے تہنیتی بیان میں صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ فائنل جیتنے پر پوری ٹیم اور انتظامیہ کو میرا سلام۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دفاعی چیمپئن ایران کو شکست دینا نوجوان کھلاڑیوں کی محنت، جذبے اور عزم کا عملی مظاہرہ ہے۔ ہماری ٹیم نے غیر معمولی کارکردگی دکھا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اس کامیابی کو کوچنگ اسٹاف کی بہترین تربیت اور کھلاڑیوں کے انتھک جذبے کا نتیجہ قرار دیا اورکہا کہ یہ فتح اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر ہمارے نوجوانوں کو مواقع اور مناسب تربیت فراہم کی جائے تو وہ دنیا کے کسی بھی میدان میں پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے نوجوان ہیروز پر فخر ہے ، حکومت نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی کیونکہ نوجوان کھلاڑیوں کا درخشاں مستقبل ہمارا فخر ہے۔