پاک چین دوستی کے فروغ کے لیے کراچی سے پیدل سفر پر نکلنے والے نوجوان رجب علی 26 جولائی کو اسلام آباد پہنچیں گے

اتوار 20 جولائی 2025 14:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) پاک چین دوستی کے فروغ کے لیے کراچی سے پیدل سفر پر نکلنے والے نوجوان رجب علی 26 جولائی کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ رجب علی کا کہنا ہے کہ ان کا حتمی ہدف چین کی سرحد تک پیدل سفر کر کے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے رجب علی نے بتایا کہ وہ اس سفر کے ذریعے نہ صرف پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں بلکہ پاکستان میں سیاحت اور کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے اسلام آباد تک کے سفر میں انہیں عوام کی بھرپور حمایت اور تعاون حاصل رہا اور تمام شہروں میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش رہی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شمالی علاقہ جات میں بھی عوام ان کا اسی طرح استقبال کریں گے اور ان کے مشن کو کامیاب بنانے میں مدد فراہم کریں گے۔ رجب علی نے کہا کہ ان کا یہ منفرد اور طویل سفر پاک چین دوستی کی ایک زندہ مثال ہے اور وہ اسے کامیابی سے ہمکنار کر کے پاکستان کا مثبت امیج دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں۔