پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز تین ٹی 20 میچز تک محدود رہنے کا خدشہ

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی ون ڈے سیریز کو ٹی 20 میں نہ بدلنے کی ضد برقرار

اتوار 20 جولائی 2025 18:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کی ہٹ دھرمی کے باعث پاکستان سے سیریز صرف 3 ٹی ٹوئنٹی تک محدود رہنے کا خدشہ بڑھ گیا۔پی سی بی نے ون ڈے کی جگہ مختصر طرز کے میچز کا کہا مگر میزبان بورڈ نہ مانا۔ سنگاپور میں بھی مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے، اب سیریز محدود ہوجائے گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کو اگست میں امریکا میں ویسٹ انڈیز سے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں، اس کے بعد کیریبیئن سرزمین پر 3 ون ڈے انٹرنیشنل ہونا تھے۔

پی سی بی نے رواں برس ایشیا کپ اور آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پیش نظر ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ سے ون ڈے میچز کو بھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی اس حوالے سے بات چیت جاری تھی کہ میزبان بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز کی ٹکٹس فروخت کرنا بھی شروع کردیں۔

(جاری ہے)

سنگاپور میں جاری آئی سی سی میٹنگز کے دوران بھی دونوں بورڈز میں اس حوالے سے تبادلہ خیال ہوا مگر ویسٹ انڈیز ضد پر اڑا رہا،ہم نے جو اعلان کردیا اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،اس ہٹ دھرمی کی وجہ سے اب ون ڈے سیریز نہ ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، سیریز صرف تین ٹی ٹوئنٹی میچز تک ہی محدود رہے گی، اعلان جلد متوقع ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ دورے کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا انتخاب اسی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا۔ صورتحال واضح ہونے پر اب اعلان کیا جائے گا۔، بنگلا دیش جانے والے بیشتر کھلاڑیوں کو ہی برقرار رکھنے کی توقع ہے۔یاد رہے کہ پاک ویسٹ انڈیز سیریز کے ٹی ٹوئنٹی میچز 1 ، 3 اور 4 اگست کو ہونا ہیں۔ میزبان بورڈ نے ون ڈے میچز 8، 10 اور 12 اگست کو کرانے کا اعلان کیا تھا۔ اب اسے نظر ثانی شدہ شیڈول کا اعلان کرنا پڑے گا۔