کراچی،ڈیفنس میں واٹر ٹینکر نے کم عمر بھائیوں کو کچل دیا، دونوں بچے موقع پر جاں بحق

اتوار 20 جولائی 2025 18:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کورنگی روڈ پر تیز رفتار واٹر ٹینکر نے 2 کم عمر بھائیوں کو کچل دیا، دونوں بچے موقع پر جاں بحق ہوگئے،ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جب کہ مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی۔کراچی میں پابندی کے باوجود دن کے اوقات میں سڑکوں پر ٹینکر اور ڈمپر دندناتے پھرتے ہیں اور آئے روز حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں تاہم اس کے مستقل سدباب کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات سامنے نہیں آ رہے۔

۔تفصیلات کے مطابق پنجاب چورنگی سے کالا پل جانے والے روڈ پر ٹریفک حادثہ پیش آیا ، جہاں تیز رفتار واٹر ٹینکر بچوں پر چڑھ دوڑا، جس کے بعد دونوں بچے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، واقعے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جب کہ شہریوں نے ٹینکر کو آگ لگادی۔

(جاری ہے)

پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر فائر بریگیڈ کو طلب کرلیا، ڈرائیور کے موقع سے فرار ہونے پر شہری مشتعل ہوئے، بچوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

جاں بحق ہونے والے دونوں بچے سگے بھائی تھے، بچوں کی شناخت 10 سالہ آیان اور 11 سالہ توصیف کے ناموں سے ہوئی۔واضح رہے کہ رواں برس میں اب تک ٹینکر، ڈمپر حادثات میں محتاط اندازے کے مطابق 150 کے قریب شہری جان سے جا چکے ہیں اور ان حادثات نے کئی المناک سانحات کو جنم دیا۔حکومت کی جانب سے بڑھتے حادثات کے باعث شہر میں دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔ تاہم اب بھی ڈمپر، ٹریلر، ٹینکر سڑکوں پر بلاخوف وخطر دوڑتے رہتے ہیں اور ٹریفک پولیس خاموش تماشائی ہے۔