''بنیان مرصوص''کے دوران لیسکو قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی رہی، سی ای او لیسکو
اتوار 20 جولائی 2025
20:30
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) لاہور الیکڑک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو رمضان بٹ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں کامیاب آپریشن ''بنیان مرصوص''کے دوران لیسکو قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی رہی، اس کے تحت وزیر ِاعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر اویس لغاری کی ہدایت پر لیسکو نے حساس مقامات پر بجلی کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی وار روم قائم کیا ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے اتوار کے روز اپنے 100دن پورے ہونے پر یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 100دنوں میں لیسکو نے نہ صرف ریکارڈ ریکوری کی بلکہ بجلی چوری کے بڑے سکینڈل بھی بے نقاب کئے جس پر وفاقی وزیر اویس لغاری نے لیسکو کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق لیسکو نے گزشتہ سال بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 60ارب کے نقصانات کم کئے اور بجلی چوری کے بڑے سکینڈلز کو بے نقاب کیا جو قابل فخر ہے۔
(جاری ہے)
چیئرمین بی او ڈی عامر ضیا اور بورڈ ممبران نے سی ای او لیسکو انجینئرمحمد رمضان بٹ کی کار کردگی کو نہ صرف سراہا بلکہ بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا۔لیسکو ترجمان کے مطابق سی ای او کی قیادت میں لیسکو نے 100دنوں میں عوامی خدمت، مالی استحکام، اور انفراسٹرکچر کی بہتری میں نمایاں پیش رفت کی۔وزیر توانائی کی ہدایت پر، لیسکو نے بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 2کروڑ 26لاکھ 94ہزار 400یونٹ پکڑے، جن کی مالیت 89کروڑ 93 لاکھ 37ہزار 712روپے ہے۔
اس میں سے 24 کروڑ 46 لاکھ 693روپے ریکور کیے گئے، 30,747ایف آئی آر کی درخواستیں دی گئیں، جن میں سے 18,102 درج ہوئیں، اور 716افراد کو گرفتار کیا گیا۔ لیسکو نے 42ہزار 588نادہندگان سے 1ارب 89کروڑ 57لاکھ 50ہزار روپے بھی ریکور کیے۔ عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے 13,744کچہریاں منعقد ہوئیں،اووربلنگ کی 585شکایات میں سے 558حل کی گئیں۔ خراب میٹر کی 1,088شکایات کو فوری حل کیا گیا۔
ٹرانسفارمر خرابی کی 444شکایات میں سے 432کو فوری حل کیا گیا۔ نیو کنکشن کی 3,738 شکایات موصول ہوئیں اور تمام کی تمام کو فوری حل کیا گیا۔لیسکو کے دیرینہ مسئلے اوور بلنگ کی شکایات کا شبانہ روز محنت سے خاتمہ کردیا گیا جسے چند ماہ قبل تک ناممکن سمجھا جاتا تھا۔ محمد رمضان بٹ کی قیادت میں، لیسکو نے 123 گرڈ اسٹیشنز کی سالانہ مرمت کامیابی سے مکمل کی، یہ مینٹیننس کام نہ صرف سسٹم کی مستقل کارکردگی کو بہتر بنانے بلکہ اوور لوڈنگ اور فالٹس کی روک تھام کے لیے بھی اہم ثابت ہوا ہے،جس سے سسٹم کی کارکردگی میں بہتری اور مون سیزن کے دوران شکایات میں کمی آئی۔
مون سون سیزن اور محرم الحرام کی آمد پرلیسکو نے تمام دفاتر اور آپریشن ٹیموں کو ہائی الرٹ کیا۔ یوم عاشورہ کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اضافی میٹریل فراہم کیا گیا۔ سی ای او لیسکو نے اہم مقامات کا دورہ کیا اور آپریشنز کی نگرانی کی جبکہ فیلڈ سٹاف نے جلوسوں کے دوران عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ لیسکو نے سی آئی ایس این آرکے ساتھ ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے، جس کا مقصد ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کی ڈیجیٹائزیشن، لائن لاسز میں کمی، اور شمسی توانائی کے موثر انضمام کو فروغ دینا ہے۔
یہ معاہدہ لیسکو کی ڈیجیٹل اور ماحول دوست مستقبل کی جانب پیش قدمی کی عکاسی کرتا ہے۔لائن سٹاف کے لیے نیا یونیفارم جاری کیا گیا، تحفظ اور شناخت میں بہتری، میٹر ریڈرز کیلئے نئی موبائل ڈیوائسز فراہم کی گئیں اور فیلڈ سٹاف کی حفاظت کیلئے ''لیسکوسیفٹی بک'' جاری کی گئی۔ لیسکو نے تمام وینڈرز اور مینوفیکچررز کو ای۔پیڈزڈیجیٹل پورٹل پر رجسٹریشن کی دعوت دی ہے تاکہ خریداری کا نظام شفاف، تیز رفتار اور جدید بنایا جا سکے۔
لیسکو کے ریجنل ٹریننگ سینٹر میں خواتین ملازمین کے لیے خصوصی تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا، جس میں تکنیکی مہارتیں، حفاظتی تدابیر، اور انتظامی امور پر خصوصی توجہ دی گئی۔ یہ تربیتی پروگرام لیسکو کے اس وژن کی عکاسی کرتے ہیں جو صنفی مساوات اور شمولیت کو فروغ دینے پر مبنی ہے۔ صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے مختلف دفاتر کو 12 منی ٹرک فراہم کیے گئے تاکہ آپریشنل ٹیمیں فوری رسپانس یقینی بنا سکیں۔لیسکو نے شاہی قلعہ اور مال روڈ کے اطراف بجلی کی تاروں کو زیر زمین کرنے کا منصوبہ کامیابی سے مکمل کیا، جس کا مقصد شہر کی خوبصورتی اور تاریخی مقامات کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ماحولیاتی اور تکنیکی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔