جموں و کشمیر،سول سوسائٹی ارکان کا آزادی کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ

پیر 21 جولائی 2025 12:06

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں سول سوسائٹی کے ارکان نے مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کو مزاحمت کاسخت پیغام دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کسی بھی قسم کا ظلم وجبریاتشدد آزادی کے لئے کشمیری عوام کے غیر متزلزل عزم کوتوڑنہیں سکتا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سول سوسائٹی کے سرکردہ ارکان نے ہندوتوا حکومت کی طرف سے انتقامی کارروائیوں کے خدشے کے پیش نظر نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اپنے میڈیا انٹرویوز میں کہا کہ گولیاں، گرفتاریاں اور تشدد کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کر سکتے جو اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ اپنے حق خود ارادیت کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے سینے پر گولیاں کھانے کو تیار ہیں لیکن بھارت کے ظلم کے سامنے کبھی ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ علاقے میں مودی کی ہندوتوا پالیسیوں کو مسترد کرتے ہوئے سول سوسائٹی کے ارکان نے خبردار کیا کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بھارتی حکومت کشمیر میں فرقہ وارانہ ایجنڈے کو نافذ کرنے کی کوشش کررہی ہے جو بالآخر ناکام ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری ہمیشہ ہندوتوا کے منصوبوں کے خلاف متحد رہے ہیں اور ہماری مزاحمت پہلے سے زیادہ عزم کے ساتھ جاری ہے۔سول سوسائٹی کے ارکان نے کہاکہ آزادی ہماری حتمی منزل ہے اور ہتھیار ڈالنا کوئی آپشن نہیں ، آزادی کی صبح طلوع ہوکر رہے گی۔انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی کی استعماری پالیسی کو عالمی ضمیر کے لیے چیلنج قرار دیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی خاموشی ترک کرے اور مقبوضہ علاقے میں جنگی جرائم پر بھارت کوجوابدہ ٹھہرائے۔