عمان نے پاکستان سمیت بعض قومیتوں کیلئے ورک ویزے محدود کردیئے

سلطنت میں پاکستان، بنگلہ دیش سمیت عام طور پر برصغیر سے غیر ملکی افرادی قوت کی تعداد میں نمایاں کمی

Sajid Ali ساجد علی پیر 21 جولائی 2025 12:33

عمان نے پاکستان سمیت بعض قومیتوں کیلئے ورک ویزے محدود کردیئے
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی 2025ء ) پاکستان سمیت بعض قومیتوں کیلئے عمانی ورک ویزے محدود کردیئے گئے جس کی وجہ سے خلیجی سلطنت میں ایشیا سے تعلق رکھنے والے غیرملکی کارکنوں میں کمی ہوگئی۔ عمان آبزرور کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت بعض قومیتوں کے تارکین وطن کے ورک ویزوں پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں، جس کے باعث قومی مرکز برائے شماریات اور معلومات (NCSI) نے بتایا ہے کہ سلطنت عمان میں پاکستان، بنگلہ دیش سمیت عام طور پر برصغیر سے غیر ملکی افرادی قوت کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بنگلہ دیش سے غیر ملکی کارکنوں کی تعداد جون 2025ء میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 6 لاکھ 37 ہزار 152 سے کم ہو کر 6 لاکھ 21ہزار 048 ہوچکی ہے، پاکستانی تارکین وطن کی تعداد 3 لاکھ 17 ہزار 296 سے کم ہو کر 3 لاکھ 12ہزار 105 ہوگئی، تاہم ہندوستانی تارکین وطن کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جو 5 لاکھ 06 ہزار 630 سے بڑھ کر 5 لاکھ 08 ہزار 386 ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ سلطنت عمان میں سری لنکا کے غیر ملکی کارکنوں کی تعداد 2024ء کے مقابلے میں 24 ہزار 156 سے کم ہو کر اسی عرصے کے دوران 22 ہزار 440 ہو گئی اور فلپائنیوں کی تعداد 44 ہزار 913 سے کم ہو کر 44 ہزار 438 رہ گئی، دیگر قومیتوں میں مصر کے کارکنوں کی تعداد 45 ہزار 921 سے بڑھ کر 47 ہزار 613، میانمار 33 ہزار 110 سے 36 ہزار 375، سوڈان 23 ہزار 545 سے 21 ہزار 344 اور تنزانیہ 23 ہزار 530 سے 21 ہزار 344 ہوگئی۔