مقبوضہ جموں وکشمیر میں تین نوجوان گرفتار،کشتواڑ میں دوسرے روز بھی فوجی آپریشن جاری

پیر 21 جولائی 2025 16:46

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز نے تین نوجوانوں کو گرفتارکرلیا ہے جبکہ ضلع کشتواڑ میں آج دوسرے روز بھی محاصرے اورتلاشی کی کارروائی جاری ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی پولیس نے ضلع اسلام آباد کے علاقے گنشی بل سے منیب مشتاق شیخ نامی ایک نوجوان کو گرفتارکرلیا۔

اسے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون’’یواے پی اے‘‘ کے تحت بھارتی حکومت کے نصب کردہ چہرے کی شناخت کے نظام (FRS)کی مدد سے گرفتار کیاگیا۔پولیس کادعویٰ ہے کہ شناخت ہونے پر مشتاق کو فوری طور پر گرفتارکیا گیا اور مزید تصدیق کے لیے تھانہ پہلگام منتقل کر دیا گیا۔بھارتی پولیس نے مزید دو افراد محمد طاہر اور حفیظ اللہ کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتارکیاہے۔

(جاری ہے)

انہیں کٹھوعہ ڈسٹرکٹ جیل اور بھدرواہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔دریں اثناء بھارتی فورسز نے ضلع کشتواڑ کے علاقوں خانکو، دچھن، ناگسینی اور ہڈل گل میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں آج دوسرے روز بھی جاری رکھیں۔ پولیس حکام نے بتایا کہ اتوار کے روز عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد بھارتی فوج نے دچھن اور ناگسینی کے درمیان واقع خانکو جنگل میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی تو ایک مختصر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔حکام نے بتایا کہ فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر تک جاری رہا تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں کمک بھیج دی گئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کا سراغ لگانے کے لیے تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔