خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 جبکہ پنجاب میں ایک نشست پر ووٹنگ جاری

خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف کے تنازعے کے باعث انتخابات نہیں ہو سکے تھے. رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 21 جولائی 2025 14:51

خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 جبکہ پنجاب میں ایک نشست پر ووٹنگ جاری
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 جولائی ۔2025 )خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 جبکہ پنجاب میں ایک نشست پر ووٹنگ جاری ہے خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی سات جنرل، دو خواتین اور دو ٹیکنوکریٹس/علما کے لیے مختص نشستوں پر انتخاب ہو رہا ہے یہ نشستیں گذشتہ سال مارچ سے خالی پڑی تھیں کیونکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر کے درمیان مخصوص نشستوں پر حلف کے تنازعے کے باعث ان پر انتخابات نہیں ہو سکے تھے.

(جاری ہے)

ایوان بالا کے لیے خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چھ اور اپوزیشن کے پانچ امیدوار میدان میں ہیں جنرل نشستوں پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں میں مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا محمد آفریدی اور نورالحق قادری شامل ہیں ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اعظم سواتی اور خواتین کی نشست پر روبینہ ناز کو نامزد کیا گیا ہے. اپوزیشن کی جانب سے جنرل نشستوں کے لیے جمعیت علمائے اسلام کے عطاالحق، پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد طلحہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نیاز احمد امیدوار ہیں، جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر جے یو آئی کے دلاور خان اور خواتین کی نشست پر پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد میدان میں ہیں آخری اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے ناراض اراکین میں سے وقاص اورکزئی، عرفان سلیم، ارشاد حسین اور عائشہ بانو انتخابی دوڑ سے الگ ہو چکے ہیں جبکہ خرم ذیشان اب بھی مقابلے میں شامل ہیں.

پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی ایک جنرل نشست پر ضمنی انتخاب کا عمل جاری ہے جہاں اراکین اسمبلی شام چار بجے تک اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے یہ نشست سینیٹر ساجد میر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی جس پر آج چار امیدوار میدان میں ہیں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عبدالکریم، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عبد الستار، جب کہ خدیجہ صدیقی اور اعجاز حسین منہاس آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑ رہے ہیں اسمبلی میں موجود عددی صورتحال کے مطابق حکومتی اتحاد کو 261 ووٹ کے ساتھ واضح برتری حاصل ہے جب کہ اپوزیشن کے ووٹوں کی تعداد 108 ہے پنجاب اسمبلی کی کل نشستیں 371 ہیں جن میں سے دو نشستیں اس وقت خالی ہیں.

گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد پشاور ہائی کورٹ کے نامزد کردہ گورنر فیصل کریم کنڈی نے مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے 25 اراکین سے حلف لیا حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس خیبر پختونخوا میں ہوئی پشاور ہائی کورٹ نے فیصل کریم کنڈی کو صوبائی اسمبلی کی 25 مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کا حلف لینے کے لیے نامزد کیا تھا حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے لیے حکومت و الیکشن میں ایک فارمولا طے پایا تھا.

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پورا اختیار اپوزیشن کو دیا تھا سب نے متفقہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ چھ اور پانچ کے فارمولے پہ الیکشن لڑیں گے سب کچھ طے ہوا اور اس کے بعد پارٹی قیادت نے بیانات دے دیے پھر انہوں نے کہا کہ سینیٹرز ان کے قابو میں نہیں ہیں.