طبی آلات کی رجسٹریشن 120 دن میں مکمل ہوگی، مصطفی کمال

وزیراعظم نے آبادی سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنائی ہے، ایک انٹیگریٹڈ سسٹم لانچ کرنے جا رہے ہیں، وزیر صحت

پیر 21 جولائی 2025 23:00

طبی آلات کی رجسٹریشن 120 دن میں مکمل ہوگی، مصطفی کمال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ میڈیکل آلات کی رجسٹریشن کا عمل تین تین سال نہیں ہوتا تھا، اب طبی آلات کی رجسٹریشن 120 دن میں مکمل ہوگی۔طبی آلات کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے ڈیجیٹل سسٹم کی افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، وزیراعظم محمد شہباز شریف بھی تقریب میں شریک تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ عوام کیلئے سہولت اور بہتری کے لیے کوشاں ہیں، پاکستان میں میڈیکل آلات کی رجسٹریشن مشکل کام تھا، میڈیکل آلات کی ریگولرائزیشن کیلئے سفارشی کلچر کو ختم کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم بہت قابل ہیں، وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں، انہیں بہت کچھ پتہ ہے۔ میڈیکل آلات کی رجسٹریشن کا عمل تین تین سال نہیں ہوتا تھا، اب طبی آلات کی رجسٹریشن 120 دن میں مکمل ہوگی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعظم نے آبادی سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنائی ہے، ایک انٹیگریٹڈ سسٹم لانچ کرنے جا رہے ہیں تاکہ ہر مریض کو دیکھا جاسکے، پاکستان کی آبادی بڑھنے کی شرح 3.6فیصد ہے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ ہم ہر سال نیوزی لینڈ جتنی آبادی کا اضافہ اپنے ملک میں کر رہے ہیں، پاکستان میں سالانہ آبادی نیوزی لینڈ کی کل آبادی جتنی بڑھ رہی ہے، 68 فیصد بیماریاں گندا پانی پینے سے پیدا ہوتی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بچوں کے کینسر کے وارڈ میں جائیں تو دل دہل جاتا ہے، مریض کو مریض بننے سے بچانا چاہتے ہیں، ہمارا نظام اس قسم کا ہے کہ ہم مریض کا اسپتال میں انتظار کر رہے ہوتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ مریض کو مریض بننے سے روکیں۔