بھارتی یوم آزادی کے موقع پر بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاجی ریلی نکالی جائیگی ،سکھ فار جسٹس

پیر 21 جولائی 2025 22:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) امریکا میں سکھوں کی تنظیم سکھ فارجسٹس نے 15اگست کو منائے جانیوالے بھارتی یوم آزادی کے موقع پر واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سکھ فار جسٹس کے جنرل کونسلر گرپتونت سنگھ پنوں نے ایک بیان میں کہاکہ بھارتی یومِ آزادی 15 اگست کو واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے باہر ریلی نکالی جائے گی اور بھارتی جھنڈے کو نذر آتش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے17 اگست کو واشنگٹن ڈی سی میں خالصتان ریفرنڈم منعقد کرنے کابھی اعلان کیا ۔انہوں نے کہاکہ واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانہ دہشتگردی کی سرگرمیوں کا مرکز ہے ، 2047 تک بھارت کے ٹکڑے ہو جائیں گے۔انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے سوال کیاکہ وہ 15اگست کو ترنگا بچانے کیلئے واشنگٹن آئیں گے؟ واضح رہے کہ سکھ برادری کی جانب سے عالمی سطح پراپنے حق خودارادیت کی جدوجہد میں اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ اب عالمی سطح پر مودی سرکار کے مسلمانوں اور سکھوں کے خلاف مظالم کودنیا کے سامنے لانے کا وقت آگیا ہے ۔