ہم افزودگی ترک نہیں کر سکتے یہ ہمارے سائنسدانوں کی ایک اہم کامیابی ہے، ایرانی وزیر خارجہ

ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن ہے، جوہری تنازع ایسے حل ہونا چاہیے جس سے دونوں فریق فائدہ اٹھائیں، مستقبل کے کسی بھی جوہری معاہدے میں یورینیم افزودگی کا حق شامل ہونا چاہیے،عباس عراقچی کی امریکی ٹی وی فاکس نیوز سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 22 جولائی 2025 12:45

ہم افزودگی ترک نہیں کر سکتے یہ ہمارے سائنسدانوں کی ایک اہم کامیابی ..
تہران(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جولائی 2025)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ہم افزودگی ترک نہیں کر سکتے، یہ ہمارے سائنسدانوں کی ایک اہم کامیابی ہے، ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن ہے، جوہری تنازع ایسے حل ہونا چاہیے جس سے دونوں فریق فائدہ اٹھائیں، امریکی ٹی وی فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران کا اپنے جوہری پروگرام، بشمول یورینیم کی افزودگی ترک کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

عباسی عراقچی نے یورینیم کی افزودگی کو ایرانی قوم کا فخر قرار دیا اور واضح کیا کہ مستقبل کے کسی بھی جوہری معاہدے میں یورینیم افزودگی کا حق شامل ہونا چاہیے۔ امریکی ٹی وی کوانٹرویودیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ایران امریکہ سے مذاکرات کیلئے تیارہے۔

(جاری ہے)

فی الحال امریکہ سے براہ راست مذاکرات کا ادارہ نہیں،یورینئم کی افزودگی ترک نہیں کریں گے۔

پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ فی الحال افزودگی رکی ہوئی ہے کیونکہ جوہری تنصیبات کو شدید اور سنگین نقصان پہنچا ہے۔ان سے جب یہ پوچھا گیا کہ آیا امریکی حملوں سے پہلے محفوظ کیا گیا افزودہ یورینیم بچایا جا سکا ہے یا نہیں تو ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ میرے پاس تفصیلات موجود نہیں تاہم انہوں نے بتایا کہ ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ جوہری مواد یا افزودہ مواد کو اصل میں کتنا نقصان پہنچا ہے۔

اس سے قبل شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر چین کے ٹی وی چینل (China Global Television Network) کو انٹرویو میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ جوہری مذاکرات کی بحالی کیلئے امریکہ کی مخلصانہ نیت ضروری ہے۔ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ جوہری مذکرات دوبارہ شروع کرنے کا امکان موجود ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ امریکی صدرٹرمپ اگر ایران سے ڈیل میں سنجیدہ ہیں تو سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کیلئے ناقابل قبول لہجہ اور بے احترامی ترک کردیں۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران سے ڈیل کیلئے اہم مشورہ دیاتھا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس(ٹوئیٹر)پر اپنے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر سپریم لیڈرکے چاہنے والوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا بند کریں۔ امریکی صدر کوایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای کے لاکھوں مخلص پیروکاروں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا بند کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا تھاکہ ایرانیوں کی پیچیدگی اور استقامت دنیا بھر میں ہماری عظیم الشان قالینوں کے ذریعے جانی جاتی ہے جو محنت اور صبر سے تیار کی جاتی ہیں لیکن بطور قوم ہمارا مؤقف بہت سادہ اور صاف تھا۔ ہم اپنی قدر جانتے ہیں۔ اپنی آزادی کو اہمیت دیتے ہیں اور کبھی کسی کو یہ حق نہیں دیتے کہ وہ ہمارا مستقبل طے کرے۔ ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عظیم اور طاقتور ایرانی عوام جنہوں نے دنیا کو دکھایا کہ اسرائیلی حکومت کے پاس ہمارے میزائلوں سے بچنے کیلئے ڈیڈی کے پاس بھاگنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔

دھمکیوں اور توہین کو ہم برداشت نہیں کرتے۔ایکس پر اپنے بیان میں عباس عراقچی مزید کہنا تھا کہ ایک قوم کے طور پر ہمارا بنیادی اصول سادہ اور سچائی پرمنحصر ہے۔ ہم اپنی قدرجانتے ہیں اور اپنی آزادی کو عزیز رکھتے ہیں۔ ہم کبھی کسی کو اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔ ہمارے میزائلوں سے بچنے کیلئے اسرائیل کے پاس امریکہ جانے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔انہوں نے لکھا کہ اگر غلط فہمیوں نے مزید غلط فیصلوں کو جنم دیا تو ایران بلا جھجک اپنی اصل طاقت کا مظاہرہ کرے گا جو ایران کی قوت کے بارے میں ہر مغالطے کا خاتمہ کر دے گا۔