Live Updates

موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کےلئے ہمیں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا، احسن اقبال

پیر 8 ستمبر 2025 15:01

موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کےلئے ہمیں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کےلئے ہمیں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا،امید ہے کہ پاکستان کے نوجوان اور سائنس دان موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے چیلنج میں سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات پیرکو یہاں انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی میں منعقدہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے بہت نقصان ہوا ، سیلاب سے لوگوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور فصلوں اور املاک کا نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے 10بڑے ممالک میں شامل ہے اور اب موسمیاتی عوامل معمول بن چکے ہیں ، اگرچہ ماحول کو نقصان پہنچانے والی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے مگر یہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والا ساتواں بڑا ملک ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ماحول کو نقصان پہنچانے والی گیسوں کے اخراج کے ذمہ دار ممالک اپنی ذمہ داریاں قبول کرنے کےلئے تیار نہیں ، اس صورتحال کے تناظر میں ہمیں اپنی صلاحیتوں اور وسائل پر بھروسہ کرتے ہوئے سیلاب، قدرتی آفات اورموسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کےلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں ہمیں ٹیکنالوجی، ڈیٹا، پلاننگ، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی اوراختراعی طریقہ کار کے ذریعے موسمیاتی موزونیت اورموافقیت کو فروغ دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کام پاکستان کی نوجوان نسل اورمستقبل کے سائنس دان کریں گے، مجھے پورا یقین ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں ہمت اورجذبہ موجود ہے اور وہ ملک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجوں سے نمٹنے میں اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کریں اور اس چیلنج میں سرخرو ہوں گے۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ خلائی تحقیق و ترقی کا شعبہ انسان کے اندر کھوج اورجستجو پیدا کرنے کا اہم ذریعہ ہے، ہر وہ تہذیب جس نے علم اور ٹیکنالوجی میں برتری حاصل کی اس نے خلا اورکائنات کو اپنی توجہ اور تحقیق کا محور بنایا۔

انہوں نے کہا کہ خلائی تحقیق اورکائنات کی وسعتوں کے بارے میں معلومات اسلام کا تہذیبی ورثہ ہے ، اسلامی تہذیب کے سنہرے دور میں آسٹرو فزنس ، اسٹانومی اور خلا کو مسخر کرنے کے بارے میں بڑے بڑے مسلمان سائنس دانوں کے نام شامل ہیں ، اس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ قران کریم نے ہمیں کائنات کی وسعتوں کو سلجھانے کےلئے علم اور تحقیق کی تلقین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سیٹلائٹ ٹیکنالوجی میں اہم پیشرفت کی ہے ، اس نے اپنا سیارچہ مدار میں بھیجا ہے اور خلائی تحقیق کا شعبہ بتدریج آگے بڑھ رہا ہے۔932
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات