Live Updates

فیصل آباد میں گہرے بادلوں کا راج، صبح سے جاری مسلسل بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، کئی فٹ پانی جمع

نکاسی آب کے مؤثر انتظام نہ ہونے کے باعث متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پانی میں بند ہو گئیں، شہری ایک دوسرے کی مدد کرتے ہوئے خراب گاڑیوں کو بارش کے پانی سے نکال کر محفوظ مقامات تک منتقل کرنے لگے

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 ستمبر 2025 14:40

فیصل آباد میں گہرے بادلوں کا راج، صبح سے جاری مسلسل بارش سے نشیبی علاقے ..
فیصل آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 ستمبر2025ء ) صوبہ پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد میں گہرے بادلوں کا راج ہے اور صبح سے جاری مسلسل بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جہاں گلیوں پر کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے جہاں گزشتہ روز 120 ملی میٹر سے زیادہ کی بارش ریکارڈ کی گئی تھی، سب سے زیادہ بارش جیل روڈ پر اور اس کے بعد گلستان کالونی میں ریکارڈ کی گئی لیکن آج صبح سے اب تک شہر میں اتوار سے بھی زیادہ بارش ہوچکی ہے، جس کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی شدید بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔

بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد میں شدید اور موسلادھار بارش کے بعد شیخپورہ روڈ پر لاری اڈہ کے قریب کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، سوساں روڈ مدینہ ٹاؤن میں بھی سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا، مین بازار رچنا ٹاؤن نمبر 2 ستیانہ روڈ پر بارش کا پانی رہائشیوں کے گھروں کے اندر داخل ہوگیا، محمود آباد نزد خدیجہ ہاسپٹل چباں روڈ اور دیگر علاقوں میں بھی ایسی ہی صورتحال پیدا ہوگئی جہاں سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ واسا کا عملہ اور انتظامیہ مکمل طور پر غائب نظر آئی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ شہر میں نکاسی آب کا مؤثر انتظام نہ ہونے کے باعث متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پانی میں بند ہو گئیں، شہری ایک دوسرے کی مدد کرتے ہوئے بارش میں خراب ہونے والی گاڑیوں کو سیلابی پانی سے نکال کر محفوظ مقامات تک منتقل کرتے دکھائی دیئے، اس موسم میں انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات