نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحاق ڈار کی آسٹریا کے چانسلر کے خصوصی ایلچی برائے عالمی امور سے ملاقات

منگل 22 جولائی 2025 17:13

نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ  اسحاق ڈار   کی  آسٹریا کے چانسلر کے خصوصی ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر نیویارک میں جاری پائیدار ترقی پر اعلیٰ سطحی سیاسی فورم کے موقع پر آسٹریا کے چانسلر کے خصوصی ایلچی برائے عالمی امور پیٹر لانسکی سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

منگل کو ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق فریقین نے پاک آسٹریا تعلقات کے مثبت انداز پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے بالخصوص تعلیم، سیاحت اور کاروبار میں تعاون کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ۔

آسٹریا کے چانسلر کے خصوصی ایلچی برائے عالمی امور پیٹر لانسکی نے آسٹریا کی معیشت اور سماجی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے تعاون کو سراہا۔انہوں نے کثیرالجہتی فورمز بالخصوص اقوام متحدہ میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ آسٹریا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے اور بالخصوص سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران پاکستان کے کردار اور تعاون کو سراہا۔