اٹک ،پنجاب اور خیبر پی کے سرحد پر واقع اسفند یار ڈی ایچ کیو ہسپتال دونوں صوبوں کی طبی ضروریات پوری کر رہا ہے، صوبائی وزیر صحت

منگل 22 جولائی 2025 17:15

اٹک ،پنجاب اور خیبر پی کے سرحد پر واقع اسفند یار ڈی ایچ کیو ہسپتال دونوں ..
اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں گورنمنٹ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال میں کیتھ لیب جلد کام شروع کر دے گی اور جس کی وجہ سےدل کے مریضوں کے لیے اینجیوگرافی اور اینجیو پلاسٹی سمیت دیگر سہولیات مہیا ہوں گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال کے دورے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا،پاکستان مسلم لیگ نواز کے ٹکٹ ہولڈر ملک حمید اکبر خان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسماعیل، ایم ایس ڈاکٹر جواد الہی، ڈی ایچ او ڈاکٹر کاشف حسین اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور انتظامی معاملات کا جائزہ لینے کے ساتھ ہسپتال میں داخل مریضوں سے گفتگو بھی کی ۔

(جاری ہے)

متعلقہ افسران نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال ضلع کا سب سے بڑا اسپتال ہے اور اس پرمریضوں کا بوجھ زیادہ ہے۔ موجودہ حالات میں اس ہسپتال کی انتظامیہ بطریق احسن کام کر رہی ہے۔پنجاب اور صوبہ خیبر پختون خوا کی سرحد پر واقع یہ ہسپتال دونوں صوبوں کی طبی ضروریات پوری کر رہا ہے۔

اس وجہ سے اس ہسپتال کو زیادہ توجہ کی ضرورت ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ مستقبل قریب میں گورنمنٹ اسفند یار بخاری ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی اور دیگر ضروریات کو جلد پورا کیا جائے گا۔سی سی یو کو بھرپور طریقے سے فعال بنایا جائے گا۔خواجہ عمران نزیر نے کہا کہ ہر جگہ اصلاح کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے اور اسی اصلاحی پہلو کو سامنے رکھ کر انہوں نے اٹک کا دورہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے کلینک آن ویلز کے انقلابی اقدام کی وجہ سے صوبہ بھر کے دور افتادہ دیہاتوں کے افراد کو بھی طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں ۔ تھیلیسیمیا سینٹر کے دورے کے موقع پر انہوں نےڈپٹی کمشنراٹک راؤعاطف رضا کی اس کاوش کوازحدسراہااورحکومت پنجاب کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ جنرل ہسپتال اٹک کے دورے کے موقع پر صوبائی وزیر صحت کو بتایا گیا کہ دوسو بستروں اور 75 کنال پرمشتمل یہ ہسپتال پانچ ارب روپےسے زائد کی لاگت سے تعمیر ہوا ہے جو مستقبل قریب میں کام شروع کر دے گا۔\378