ایڈیشنل چیف سیکرٹری(ترقیات)عاطف الرحمان کی زیرصدارت آزاد کشمیرترقیاتی ورکنگ پارٹی کامالی سال 2025-26ء کے اجلاس کا انعقاد

منگل 22 جولائی 2025 22:35

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات)عاطف الرحمان کی زیر صدارت آزاد کشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا مالی سال 2025-26ء کا پہلا اجلاس کشمیر پلان ہا ؤس مظفرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پلاننگ کمیشن پاکستان، محکمہ مالیات کے نمائندگان کے علاوہ متعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹریز و محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے آفیسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں محکمہ جنگلات کے زیر انتظام حد بند جنگلات میں قدرتی شجر کاری کے فروغ کے لئے نظر ثانی منصوبہ مالیتی 60کروڑ29لاکھ روپے، محکمہ داخلہ کے زیر انتظام آزاد کشمیر میں ڈویژن کی سطح پرپولیس سیف سٹی کا نظر ثانی منصوبہ مالیتی 65کروڑ روپے،محکمہ اطلاعات کے زیر انتظام سوشل و ڈیجیٹل میڈیاکی نگرانی کا منصوبہ مالیتی 12 کروڑ 76 لاکھ روپے،محکمہ شاہرات کے زیر انتظام ضلع نیلم،باغ،پونچھ، سدھنوتی اور میرپورمیں لنک/مین شاہرات کی تعمیر، بہترگی و مرمتی کے9 منصوبہ جات لاگتی 2ارب 27کروڑ روپے سے زائد کے منصوبہ جات زیر غور لائے گئے۔

(جاری ہے)

مزید براں آزادجموں و کشمیرٹیوٹاکے زیر انتظام ضلع بھمبرمیں کالج آف ٹیکنالوجی کی عمارت کی تعمیر،محکمہ معدنیات کے زیر انتظام ضلع نیلم میں 6جہتی قیمتی معدنیاتی پتھر کے ذخائر کی فزیبلٹی و کھوج اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیر انتظام ریکارڈ اراضی کی کمپیوٹرائزیشن اورذیلی عدلیہ کی خود کاری کے منصوبہ جات کے دورانیہ میں اضافہ اور آزاد کشمیر میں منی سپورٹس گراؤنڈزکی تعمیرکے منصوبہ جات کو بھی زیر غور لایا گیا۔