محبوبہ مفتی کا راہل گاندھی کے نام خط،بھارت میں مسلمانوں کے منظم استحصال پر پارلیمنٹ میں آواز بلند کرنے کی اپیل

منگل 22 جولائی 2025 22:52

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)مقبوضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کانگریس پارٹی کے رہنماء اور لو ک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے نام ایک خط میں ان سے بھارت میں اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کے منظم استحصال پرپارلیمنٹ میں آواز بلند کرنے کی اپیل کی ہے ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے امید ظاہر کی ہے کہ کانگریس رہنماء خصوصا انڈیا اتحاد پارلیمنٹ کے جاری اجلاس کے دوران بھارت بھر میں ہندوتوا مودی حکومت کے دور میں مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم اور ان کے ساتھ روا امتیازی سلوک کو اجاگر کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیشی اور روہنگیا پناہ گزینوں کے نام پردانستہ طورپر مسلمانوں کو غیر یقینی اور انتہائی خوفناک حالات کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بعض میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ بعض مسلمانوں کو سمندر میں دھکیل کر ملک بدر کرنے کی بھی کوششیں کی گئی ہے۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ ریاست آسام میں مسلمانوں کے ہزاروں گھروں کی مسمارکیاگیاہے جس پر آپ (راہل گاندھی )نے خود بھی تشویش کا اظہار کیاتھا۔

بہار میں جاری مردم شماریکا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بھی مسلمانوں کو بے دخل، کمزور اور بے اختیار بنانے کی ایک منظم سازش ہے جس کا مقصد انہیں صفحہ ہستی سے مٹانا ہے۔ پی ڈی پی کی سربراہ نے خط میں مزید کہاکہ تقسیم برصغیرکے وقت جو مسلمان بھارت میں رکے، وہ کانگریس کے سیکولر نظریے اور لیڈرشپ پر یقین رکھتے تھے۔انہوں نے خط میں کہاکہ آج جب آپ اس وراثت کے علمبردار ہیں، آپ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آئینی اقدار اور جمہوریت کی روح کی حفاظت کریں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف جاری انتقامی کارروائیوں پر اپوزیشن جماعتوں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ بطور مسلم اکثریتی ریاست کی سیاستدان ہونے کے باوجود وہ خود کو اکثر بے بس محسوس کرتی ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ راہل گاندھی پارلیمنٹ میں اقلیتوں کے حق میں آواز بلند کریں گے جنہیں منظم انداز میں پیچھے دھکیلا جا رہا ہے۔