کشمیریوں کے دل ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں،سردار عامر الطاف خان

کشمیری عوام اور پاکستان کے درمیان محض جغرافیائی نہیں بلکہ روحانی اور تاریخی تعلقات ہیں،وزیر ٹیکنیکل ایجوکیشن

منگل 22 جولائی 2025 22:52

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء) وزیر ٹیکنیکل ایجوکیشن و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار عامر الطاف نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اور پاکستان کے درمیان محض جغرافیائی نہیں بلکہ روحانی اور تاریخی تعلقات ہیں، جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط اور گہرے ہوتے جا رہے ہیںانہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے دل ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستان نے بھی ہر موقع پر کشمیریوں کی حمایت کی ہے کستان اور کشمیری ایک ہی جسم و جاں کی مانند ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ خونی، دینی اور تہذیبی بنیادوں پر قائم ہے اور یہی وجہ ہے کہ جب بھی بھارت نے آزاد کشمیر پر جارحیت کرنے کی کوشش کی پاکستان نے نہ صرف کشمیری عوام کا دفاع کیا بلکہ دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر یہ ثابت کیا کہ کشمیری تنہا نہیں اور کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو سلام پیش کیا۔

(جاری ہے)

سردار عامر الطاف نے کہا کہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج نے ہمیشہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کی بلکہ عالمی سطح پر بھی کشمیر کی آواز کو بلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو دنیا کے ہر فورم پر اجاگر کرنا پاکستان کی پالیسی کا اہم ستون ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستان کشمیر کی سرحدوں کی حفاظت کر رہا ہے اور کشمیری عوام کو اس بات کا یقین ہے کہ ہر نازک موقع پر پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہوگاآج بھی پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ ہے اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ دشمن کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی کیونکہ کشمیری عوام کی پشت پر ایک مضبوط باہمت اور نظریاتی ریاست کھڑی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی کردار ادا کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن ہو سکے خطے کا امن مسئلہ کشمیر سے مشروط ہے اور جب تک کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت نہیں ملتاتب تک خطے میں دیرپا امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ سردار عامر الطاف نے ہجیرہ میں حالیہ حادثات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے غم کو اپنا غم سمجھتے ہیں مجھے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع پر افسوس ہے انہوں نے مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔