ہمیں بچوں کوپولیو جیسی موذی مرض سے نجات دلانی ہوگی،سید ظفر علی آغا

منگل 22 جولائی 2025 20:05

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء) جمعیت علماء اسلام کے رہنماء اور رکن صوبائی اسمبلی سید ظفر علی آغا نے کہا ہے کہ ہمیں بحیثیت قوم پولیو جیسی موذی مرض کے خاتمے میں اپنا کردار آدا کرتے ہوئے اپنے بچوں کو اس خطرناک مرض سے نجات دلانی ہوگی، اگرہم نے اس سلسلے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو ہماری آئندہ نسلوں کو اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیہی مرکز صحت کربلا میں ایک بچے کو پولیو پلاکر ایف آئی پی وی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر گل زمان، جمیعت علماء اسلام کے صوبائی رہنماء سید قیام الدین اغا تحصیل کربلا کے امیر مفتی منیر احمد احسنی، جنرل سیکرٹری مولوی علائو الدین، سی ایم فیصل آغا، قبائلی عمائدین، علماء کرام اور علاقے کے عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سید ظفر آغا نے والدین پر زوردیا کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر اس موزی مرض کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں اور انیوالی ایف آئی پی وی مہم میں بھرپور حصہ لیکر اسے کامیابی سے ہمکنار کریں، انہوں نے پشین کے عوام اور علاقے کے معتبرین پر زوردیا ہے کہ وہ پولیو جیسی خطرناک اور متعدی بیماری کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے میدان میں آکر آپنی آئندہ نسلوں کو اس موذی مرض سے نجات دلائیں۔

انہوں نے کہا کہا کہ تمام دنیا سے اس مرض کا خاتمہ ہوچکا ہے صرف پاکستان اور افغانستان میں تاحال پولیو کے جراثیم موجود ہیں، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں ہمیں پولیوزدہ ملک تصور کیا جاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو جیسے خطرناک بیماری سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کرنا ہوں گے، اس مہلک اور خطرناک مرض سے نجات کیلئے معاشرے کے ھر باشعور فرد کو آپنا کردار ادا کرتے ہوئے ذمہ داری نبھانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہا کہ ہمیں معاشرے میں ہر قسم کی بیماریوں سے نجات کیلئے لوگوں میں شعور اور آگاہی پیدا کرنی چاہیے۔