سٹیٹ بینک آف پاکستان کا مالی سال 2025-26 کیلئے مانیٹری پالیسی کمیٹی اجلاسوں کا شیڈول جاری کرنے اور شفافیت بڑھانے کیلئے دو مرتبہ سالانہ مانیٹری پالیسی رپورٹ شائع کرنے کا فیصلہ

منگل 22 جولائی 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کا مالی سال 2025-26 کے لیے مانیٹری پالیسی کمیٹی اجلاسوں کا شیڈول جاری کر دیا، ایس بی پی شفافیت بڑھانے کے لیے دو مرتبہ سالانہ مانیٹری پالیسی رپورٹ شائع کرے گا ۔سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنے سٹریٹجک پلان ’’وژن 2028‘‘کے تحت مانیٹری پالیسی کے عمل میں شفافیت بڑھانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھایا ہے۔

اس سلسلے میں سٹیٹ بینک اب سال میں دو مرتبہ مانیٹری پالیسی رپورٹ (ایم پی آر) شائع کرے گا۔ یہ رپورٹس جولائی اور جنوری میں ہونے والے مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے اجلاسوں کے دو ہفتوں کے اندر جاری کی جائیں گی جن میں اہم معاشی اشاریوں کی پیشگوئیاں اپ ڈیٹ کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

یہ رپورٹس سٹیٹ بینک کی دیگر مانیٹری پالیسی سے متعلقہ معلوماتی کوششوں کا حصہ ہوں گی تاکہ افراط زر کی توقعات کو موثر طریقے سے کنٹرول کیا جا سکے اور مانیٹری پالیسی کی منتقلی کو موثر بنایا جا سکے۔

یہ اقدامات ایس بی پی کے اس ہدف کی جانب بھی ایک قدم ہیں جس کے تحت ملک میں ’’انفلیشن ٹارگٹنگ رجیم‘‘ اپنایا جانا ہے۔مزید برآں مالیاتی منصوبہ بندی میں شفافیت اور سٹیک ہولڈرز کے اعتماد کو مزید بڑھانے کے لیے ایس بی پی نے مانیٹری پالیسی کمیٹی اجلاسوں کے پیشگی شیڈول کو مالی سال کی مکمل مدت تک وسعت دے دی ہے۔ مالی سال 2025-26 کے لیے ایم پی سی اجلاسوں کا شیڈول درج ذیل ہے:بدھ 30 جولائی 2025،پیر 15 ستمبر 2025،پیر 27 اکتوبر 2025،پیر 15 دسمبر 2025،پیر 26 جنوری 2026، پیر 9 مارچ 2026، پیر 27 اپریل 2026، پیر 15 جون 2026 ۔

اگلے مالی سال (2026-27) کے لیے ایم پی سی اجلاسوں کا پیشگی شیڈول جولائی 2026ء میں جاری کیا جائے گا۔ اگر کسی غیر متوقع صورتحال کے باعث کوئی اجلاس مقررہ تاریخ کو نہ ہو سکا، تو نئی تاریخ سے مناسب وقت پر مطلع کیا جائے گا۔