نومئی جلائوگھیرائوکیس،شاہ محمودقریشی سمیت چھ ملزمان بری، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر آٹھ ملزمان کو دس، دس سال قید کی سزا

بدھ 23 جولائی 2025 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی کے واقعات میں لاہور کے علاقے شیرپا وپل پر اشتعال انگیز تقاریر، جلائو گھیرائو اور دیگر سنگین الزامات کے تحت درج مقدمے میں پی ٹی آئی رہنمائوں ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر آٹھ ملزمان خالد قیوم ،ریاض حسین ،علی حسن ،افضال عظیم پاہٹ کو دس، دس سال قید کی سزا کا حکم دے دیا جبکہ شاہ محمود قریشی ،زباس خان ،افتخار احمد ،رانا تنویر ،حمزہ عظیم پاہٹ سمیت 6ملزمان کو بری کردیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید لاہور نے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں منگل کی رات دیر جیل ٹرائل نو مئی کے واقعات میں شیر پاو پل پر جلا ئوگھیرائو کے کیس میں تیرہ ملزمان کا فیصلہ سنایا ۔

(جاری ہے)

اس مقدمہ میں زیر حراست سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دوسرے13ملزموں کا ٹرائل مکمل کیا گیا تھا ۔تھانہ سرور روڈپولیس نے مقدمہ نمبر 97/23درج کیا تھا اور تحقیقات مکمل کرنے کے بعد مناسب وقت پر مقدمہ کا چالان جمع کروا دیا تھا،انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزموں کی سکیورٹی کے سبب سے مقدمہ کی بیشتر سماعت لاہور میں کوٹ لکھپت جیل میں کی۔

منگل کو فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا اور رات گئے عدالت نے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں فیصلہ سنایا ۔عدالتی فیصلے کے بعد کمرہ عدالت میں موجود سزا پانے والے ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔