صوابی ،قتل کی الگ الگ وارداتوں میں 4افراد جاں بحق

بدھ 23 جولائی 2025 02:25

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)ضلع صوابی میں قتل کی الگ الگ وارداتوں میں چار افراد جاں بحق ہو گئے موضع ملک آباد گدون میں مستورات کے تنازعہ پر گھر کے دہلیز پر سسرالیوں نے باپ کے سامنے نوجوان داماد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ، احمد شاہ سکنہ ملک آباد نے تھانہ گدون امازئی انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں موجود تھے کہ اس دوران کسی نے ان کے گھر کے دروازے پر دستک دی جس پر وہ اپنے 34 سالہ بیٹے عمران شاہ کے ہمراہ گھر سے باہر جاکر دروازہ کھولا تو کچھ فاصلے پر زاہد شاہ ، سلطان شیر اور سعود اسلحہ آتشین سے مسلح کھڑے تھے ،ہم دونوں ان کے پاس جا رہے تھے کہ اس دوران انہوں نے ہم پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ان کا بیٹا عمران شاہ موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ وہ بال بال بچ گئے ، رپورٹ میں وجہ عناد تنازعہ مستورات بیان کی گئی ہے ، مقتول اور ملزمان آپس میں سسرال تھے ، پولیس نے ایک نامزد ملزم سلطان شیر کو گرفتارکر لیا ، دریں اثنا پولیس تھانہ تورڈھیر کی رپورٹ بیوہ سرفراز نے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ موضع آلہ ڈھیر میں نامعلوم افراد نے ان کے بیٹے صدیق ولد سرفراز کو قتل کر دیا ، وجہ عناد اور ملزمان معلوم نہیں ، جبکہ شیخ جانہ میں تیس سالہ نوجوان حسیب فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا ، دریں اثنا عبدالبصیر زرین آباد محلہ مٹونہ نے تھانہ ٹوپی میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے چچا خورشید کے گھر جا رہے تھے جب وہ جونہی حجرے کے قریب پہنچے تو وہاں پہلے سے موجود چچازاد غلام اللہ نے میرے ساتھ تکرار شروع کردی اس دوران ان کے دیگر بھائی فضل اللہ ، واجد اور ثنا اللہ مسلح آکر مجھ پر گزارات کی اطلاع دینے پر میرے والد حسین محمد بھی آئے اس دوران چاروں بھائیوں نے تکرار شروع کرکے ہم پر اسلحہ آتشین سے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں فضل اللہ کی فائرنگ سے ان کا والد حسین محمد جاں بحق ہو گئے ، وجہ عناد وقتی تکرار بیان کی گئی ہے ۔