ایازمیمن کی صدر کراچی بار ایڈوکیٹ عامر وڑائچ سے ملاقات

ایازمیمن نے وکلا کیلئے فلاح و بہبود عوامی کنسلٹنسی پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے پانچ لاکھ روپے کا چیک پیش کیا

بدھ 23 جولائی 2025 20:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)آل کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین و عام آدمی پارٹی پاکستان کے بانی ایازمیمن موتی والا نے کہاہے موجودہ نظام کو بہتر اور صحیح خطوط پر استوار کرنے کے لئے عدل و انصاف کا قیام انتہائی ضروری ہے جس کے لیے وکلابرادری دن رات کام کررہی ہے۔وکلا برادری کے مسائل کا حل سندھ اوروفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے صدر کراچی بار ایڈوکیٹ عامر وڑائچ سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پرایازمیمن کی جانب سے وکلا کیلئے فلاح و بہبود عوامی کنسلٹنسی پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے موتیوالا ایکو مارکیٹنگ بلڈر تاجران کی جانب سے پانچ لاکھ روپے کا چیک پیش کیاگیااس موقع پر صدر کراچی بار ایسوسی ایشن ایڈوکیٹ عامر وڑائچ اور دیگر وکلا عہدیداران بھی موجودتھے ۔

(جاری ہے)

ایازمیمن موتی والا کا کہنا تھاکہ وکلاتنظیموں کے جو بھی مطالبات ہو حکومت اپنی ذمہ داریاں پورا کرتی رہے،یہ صرف وکلا کی ہی نہیں ہے بلکہ ہم سب کی زمہ داری ہے کہ قانون کی بالادستی کے اصول کی خاطر کوششیں جاری رکھیں۔یہ بات اب سب کو سمجھ آچکی ہے کہ وکلاکی جدوجہد سے عدلیہ ایک مضبوط ادارہ بن چکاہے اورجمہوریت کی مظبوطی بھی ان ہی کے دم سے ہے۔انہوں نے کہاکہ وکلا کی دستور کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی میں کلیدی کردارتاریخی حقیقت ہے وکلا برادری صرف قانون ہی نہیں بلکہ جمہوریت اور انسانی حقوق کی بھی حفاظت کررہی ہے۔ہم سب کو وکلا کے جذبہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھناہوگا۔انہوں نے مزید کہاکہ وکلا برادری کے مسائل کا حل سندھ اوروفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔