چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزاکی ترکیہ میں انٹرنیشنل ڈیفنس انڈسٹری فیئر میں شرکت

بدھ 23 جولائی 2025 23:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزانے استنبول، ترکیہ میں منعقدہ 17ویں انٹرنیشنل ڈیفنس انڈسٹری فیئر (IDEF-2025) میں شرکت کی۔ یہ عالمی شہرت یافتہ نمائش دفاعی شعبے میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور پیشرفت کو اجاگر کرنے کے لئے جانی جاتی ہے۔ بدھ کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق نمائش کے موقع پر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ترکیہ کے وزیرِ دفاع جنرل (ر) یشار گولر، آذربائیجان کے وزیرِ دفاع کرنل جنرل حسنوف زاکر اسگر اوغلو، آذربائیجان کے نائب وزیرِ دفاع قربانوف آگل سلیم اوغلو اور ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل متین گوراک سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں دوطرفہ عسکری تعاون سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

معززین نے مستقبل کے جغرافیائی و تزویراتی ماحول اور ٹیکنالوجیکل ترقیات کے تناظر میں اس تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ترکیہ اور آذربائیجان کی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، عملی کامیابیوں اور قربانیوں کو سراہا اور علاقائی و عالمی امن و استحکام کے لئے پاکستان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔