سلامتی کونسل کا اجلاس، پاکستانی مندوب نے بھارت کو آئینہ دکھادیا

بھارتی جارحیت پر پاکستان نے اپنا بھرپور دفاع کیا، دشمن کے 6طیارے تباہ کیے، عثمان جدون

بدھ 23 جولائی 2025 21:10

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھارتی نمائندے کے الزامات پر پاکستان کے نائب مستقل نمائندے نے بھارت کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت پر پاکستان نے اپنا بھرپور دفاع کیا اور بھارت کے چھ طیارے بھی تباہ کیے۔سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایک مباحثے کے دوران اقوام متحدہ میں بھارت کے مندوب نے پاکستان پر دہشت گردی اور پہلگام واقعے سمیت دیگر الزامات عائد کیے۔

پاکستان کے نائب مستقل نمائندے عثمان جدون نے بھارتی مندوب کو آئینہ دکھادیا اور پاکستان پر لگائے گئے تمام الزامات کو دلائل کے ساتھ یکسر مسترد کردیا اور کہا کہ کشمیر کے معاملے پر بھارت اسی سلامتی کونسل کی قرارداد کو تسلیم نہیں کرتا اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم کرکے اس پر قبضہ کررکھا ہے اسی طرح بھارت خود اپنی ریاست میں بھی اقلیتوں کے ساتھ بدترین اور امتیازی سلوک کرتا ہے۔

(جاری ہے)

نائب مستقل نمائندے عثمان جدون نے بھارت کو جواب دیا کہ بھارت پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے پاکستانی پر جارحیت کی مگر پاکستان نے اپنا بہترین دفاع کیا اور بھارت کے چھ طیارے تباہ کیے، بھارت سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کی غیرقانونی کوشش میں ہے، پاکستان کا پانی بند کرنے کی کوشش میں ہے جو کہ عالمی معاہدے کے برخلاف ہے۔عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے جس کے شواہد موجود ہیں جو کہ عالمی اداروں کو بھی دیے گئے ہیں، دنیا بھارت کی دہشت گردی کا نوٹس لے۔