حکومت نے گزشتہ مالی سال 26.5 ارب ڈالر سے زائد قرض حاصل کیا

دوست ممالک سے 12 ارب ڈالر قرض رول اوور، آئی ایم ایف سے 2 ارب ڈالر ملے

بدھ 23 جولائی 2025 21:15

حکومت نے گزشتہ مالی سال 26.5 ارب ڈالر سے زائد قرض حاصل کیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء) وزارت اقتصادی امور کے مطابق حکومت نے گزشتہ مالی سال 26.5 ارب ڈالر سے زائد قرض حاصل کیا۔دوست ممالک سے 12 ارب ڈالر قرض رول اوور، آئی ایم ایف سے 2 ارب ڈالر ملے، جبکہ 12 ارب 13 کروڑ ڈالر پراجیکٹ فنانسنگ اور بجٹری سپورٹ کی مد میں فنانسنگ ہوئی۔وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2023-25 کی نسبت گزشتہ مالی سال زیادہ فنانسنگ حاصل کی گئی، گزشتہ ماہ جون 2025 میں 5 ارب 24 کروڑ 56 لاکھ ڈالر فنانسنگ حاصل کی گئی جبکہ جون 2024 میں یہ فنانسنگ 2 ارب 25 کروڑ 74 لاکھ ڈالر تھی۔

گزشتہ مالی سال کثیرالجہتی معاہدوں کے تحت 4 ارب 83 کروڑ 88 لاکھ ڈالر موصول ہوئے، جبکہ ان معاہدوں کے تحت فنانسنگ کا تخمینہ 4 ارب 57 کروڑ 75 لاکھ ڈالر لگایا گیا تھا، کثیرالجہتی معاہدوں کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک سے 2 ارب 13 کروڑ ڈالر، عالمی بینک گروپ سے 1 ارب 37 کروڑ ڈالر، اسلامک ڈویلپمنٹ بینک سے 74 کروڑ ڈالر ملے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق باہمی معاہدوں کے تحت مالی سال 2025 کے دوران 60 کروڑ ڈالر حاصل کیے گئے، جس میں چین نے 10 کروڑ ڈالر، سعودی عرب سے 22 کروڑ ڈالر فراہم کیے۔

4 ارب 29 کروڑ 78 لاکھ ڈالر فارن کمرشل بینکوں سے قرض حاصل کیا گیا، نیا پاکستان سرٹیفیکٹ کی مد میں 1 ارب 91 کروڑ 80 لاکھ ڈالر قرض حاصل کیا گیا، گزشتہ مالی سال 2024 کے دوران 1.5 ارب ڈالر کے بانڈز اجرا نہیں ہو سکا۔ذرائع کے مطابق رواں مالی سال بھی دوست ممالک کے 12 ارب ڈالر رول اوور کرایا جائے گا، یو اے ای سیف ڈپازٹ کو رول اوور کرانے کی ذمہ داری مرکزی بینک پر ہو گی۔