پی سی بی کی دیہی سندھ سے نئے کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش

منتظمین کے مطابق ٹرائلز کے بعد سندھ کے تمام ڈویژن کی ٹیمیں تشکیل دیکر مقابلے کروائے جائیں گے

جمعرات 24 جولائی 2025 12:40

پی سی بی کی دیہی سندھ سے نئے کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش
سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء) پی سی بی نے دیہی سندھ میں کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کی تلاش شروع کر دی اور اس سلسلے میں سکھر میں ٹرائلز کرائے گئے۔اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کھیل میں نیا خون اور ٹیلنٹ شامل کرنے کے لیے سندھ کے دیہی علاقوں میں جا پہنچا اور سکھر میں نوجوانوں کا کرکٹ ٹیلنٹ جانچنے کے لیے ٹرائلز کرائے گئے تاکہ سندھ کے دیہی علاقوں میں موجود کرکٹ ٹیلنٹ کو ملکی سطح پر سامنے لایا جا سکے۔

(جاری ہے)

کرکٹ بورڈ کی جانب سے سکھر کے پی سی بی گراؤنڈ میں کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز میں سکھر کے علاوہ خیرپور، گھوٹکی، لاڑکانہ سمیت اندرون سندھ کے مختلف اضلاع سے نوجوان کھلاڑیوں نے شرکت کی۔منتظمین کے مطابق ٹرائلز کے بعد سندھ کے تمام ڈویژن کی ٹیمیں تشکیل دیکر مقابلے کروائے جائیں گے، اور ان میں سے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے آگے کھیلنے کا موقع دیا جائے گا اور وہ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر قومی سطح پر بھی ملک کی نمائندگی کر سکیں گے۔اس وقت دیہی سندھ سے واحد شاہنواز دھانی ہیں، جنہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلا ہے اور ان کا تعلق لاڑکانہ سے ہے۔ دیہی علاقوں کے ٹیلنٹ کو اگر موقع اور رہنمائی ملے، تو یہی نوجوان کل پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔