چینی کےذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو قانونی شکنجے میں لایاجائے،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

جمعہ 25 جولائی 2025 17:08

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نےانتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ چینی کےذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو قانونی شکنجے میں لایاجائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ہرائس مجسٹریٹس کو چینی کی قیمتوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چینی کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو ہر حال میں یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام پرائس مجسٹریٹس اور اسسٹنٹ کمشنرز اس سلسلے میں اپنے اہنے ڈویژن میں اس کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں بتایاگیا کہ ضلع بھر میں 2792 دکانوں، مارٹ اور دیگر جگہوں کو چیک کیا گیا ہے جس میں 201 خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں کو 1218500 روپے جرمانہ کیا گیا۔ تین کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئیں ہیں۔ 47 دکانوں کو سیل کیا گیا ہے 80 دکانداروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ حکومت اشیائے خوردونوش بالخصوص چینی کی قیمتوں کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی ہر صورت یقینی بنائے گی اور اس سلسلے میں تاجروں اور دکانداروں پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ حکومتی اقدامات پر عمل درآمد کریں۔