پنجاب بھر کے بورڈز کے میٹرک کے امتحانات میں مدارس کے طلباء کی شاندار کارکردگی، عصری اداروں کے طلباء پربازی لے گئے

جمعہ 25 جولائی 2025 22:58

پنجاب بھر کے بورڈز کے میٹرک کے امتحانات میں مدارس کے طلباء کی شاندار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء) پنجاب بھر کے بورڈز کے میٹرک کے امتحانات میں مدارس کے طلباء کی شاندار کارکردگی، عصری اداروں کے طلباء پر بازی لے گئے ،متعدد بورڈز کی پوزیشنز مدارس کے طلبہ نے حاصل کرلیں، وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مفتی محمد تقی عثمانی، ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری، نائب صدر مولانا انوار الحق اور دیگر رہنماؤں نے پنجاب بھر کے مختلف تعلیمی بورڈز کے سالانہ میٹرک امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے دینی مدارس کے طلباء ،ان کے اساتذہ کرام اور متعلقہ مدارس کے منتظمین کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اور اسے دینی مدارس کااعزاز قرار دیا ہے۔

وفاق المدارس العربیہ کے ترجمان مولانا عبدالقدوس محمدی کے مطابق فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور بورڈ میں پہلی تینوں پوزیشنز مدارس کے طلباء نے اپنے نام کر لیں،جامعة العصر پیر محل ٹوبہ ٹیک سنگھ کے طلبہ حسنین ربانی اور علی احمد نے فیصل آباد بورڈ میں پہلی اور تیسری جبکہ جامعہ عبداللہ بن عباس جھنگ کے طالبعلم محمد فیصل نے فیصل آباد بورڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کی ،اسی طرح جامعہ حنفیہ بورے والا کے طلباء محمد احمد افضل اور محمد احمد خالد نے ملتان بورڈ میں پہلی اور دوسری ،جامعہ ابوہریرہ میلسی کے طالبعلم سیف الرحمن نے ملتان بورڈ میں تیسری پوزیشن لے لی اور بہاولپور بورڈ میں جامعة المدینہ چشتیاں بہاولنگر کے طلباء محمد عامر اور عمر قدوس نے پہلی اور دوسری جبکہ مرکز العلوم الاسلامیہ فورٹ عباس کے طالبعلم اسد رضا نے تیسری پوزیشن حاصل کی،جامعة الکوثر فتح جنگ کے طالبعلم محمد حنان سعیدی نے راولپنڈی بورڈ میں پہلی،جامعة المدینہ عثمان غنی کے طالبعلم محمد احمد نے راولپنڈی بورڈ میں تیسری ،جامعة المصطفی اسلامک سنٹر مریدکے کے طلباء ابوبکر اور محمد طلحہ نے لاہور بورڈ میں پہلی اور دوسری، جامعہ مظاہر العلوم کوٹ ادو کے طالبعلم محمد فہیم سجاد نے ڈیرہ غازی خان بورڈ میں پہلی،مدرسہ اشرف المدارس روھیلانوالی کے طالبعلم محمد مزمل نے ڈیرہ غازی خان بورڈ میں دوسری، جامعہ فہم القرآن ظفروال کے طالبعلم فرحان خالد نیگوجرانوالہ بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی،مرکزی قائدین نے ان تمام نمایاں کامیابیوں کو نہ صرف انفرادی طلباء اور اداروں بلکہ پورے دینی مدارس کے نظام کی کامیابی کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ مدارسِ دینیہ نہ صرف دینی علوم کی حفاظت اور فروغ کے مراکز ہیں بلکہ جدید عصری تعلیم میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پوزیشن ہولڈر طلباء، ان کے اساتذہ اور اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز دینی اداروں کے تعلیمی معیار اور مدارس کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔آخر میں قائدین نے حکومت، ذرائع ابلاغ، اور تعلیمی حلقوں سے اپیل کی کہ وہ مدارس کی خدمات کا اعتراف کریں اور انہیں دیوار سے لگانے کے ہر قسم کے اقدام سے گریز کریں۔ یاد رہے کہ پنجاب بورڈ سے قبل فیڈرل بورڈ میں بھی اسلام آباد کے معروف دینی مدرسہ ادارہ علوم اسلامی نے دو پوزیشنیں حاصل کی تھیں سال 2025 میں ادارہ علوم اسلامی کے جنید خان اور اعظم خان نے فیڈرل بورڈ میں بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی اس طرح صرف ایک مدرسہ ادارہ علوم اسلامی کی گزشتہ چند برسوں کے دوران فیڈرل بورڈ میں حاصل کردہ مجموعی پوزیشنز اور میڈلز کی تعداد 53 ہو گئی ہی-