اسحاق ڈار کی ترک ہم منصب سے ملاقات، قطر پر اسرائیل کے بلاجواز حملوں کی مذمت

عالمی برادری بالخصوص مسلم ممالک کو فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے‘دفترخارجہ

پیر 15 ستمبر 2025 14:05

اسحاق ڈار کی ترک ہم منصب سے ملاقات، قطر پر اسرائیل کے بلاجواز حملوں ..
دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات دونوں رہنماؤں نے قطر پر اسرائیل کے بلا اشتعال اور بلاجواز حملوں کی شدید مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطینی کاز کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری بالخصوص مسلم ممالک کو فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق دوران ملاقات دونوں رہنماؤں نے عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم بھی کیا۔قبل ازیں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی وزرائے خارجہ کی تیاری کے حوالے سے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک بار پھر یہاں جمع ہیں تاکہ ایک اور غیر قانونی اسرائیلی حملے پر غور کر سکیں جو ایک برادر اور خودمختار ریاست پر کیا گیا ہے۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد دوحہ میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں تجویز دی ہے کہ اسرائیل کے عزائم کی نگرانی اور توسیع پسندانہ منصوبوں کو روکنے کے لیے عرب اسلامی ٹاسک فورس قائم کی جائے۔