سکیورٹی فورسز کی بنوں اور لکی مروت میں کارروائیاں، 31 خارجی دہشت گرد ہلاک

13اور 14 ستمبر کو خیبرپختونخواہ میں فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف 2 کارروائیاں کیں؛ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 ستمبر 2025 13:58

سکیورٹی فورسز کی بنوں اور لکی مروت میں کارروائیاں، 31 خارجی دہشت گرد ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر 2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 31 دہشت گرد مارے گئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق 13اور 14ستمبر کو خیبرپختونخواہ میں فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف 2 کارروائیاں کیں، سکیورٹی فورسز کی جانب سے بنوں اور لکی مروت میں کارروائیاں کی گئیں جن کے نتیجے میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 31 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لکی مروت میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جب کہ بنوں میں ہونے والی دوسری کارروائی میں 17 دہشت گرد مارے گئے، ان آپریشنز کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے بھی مؤثر انداز میں نشانہ بنائے گئے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر لوئر دیر کے علاقے لال قلعہ میدان میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، آپریشن کے دوران سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرلیا اور مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 بھارتی حمایت یافتہ خوارج جہنم واصل کردیئے گئے۔

بتایا گیا کہ آپریشن کے دوران پاک فوج کے 7 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، شہداء میں نائیک عبدالجلیل، نائیک گل جان، لانس نائیک عظمت اللہ، سپاہی عبدالمالک، سپاہی محمد امجد، سپاہی محمد داؤد اور سپاہی فضل قیوم شامل ہیں، ان شہداء میں سے عبدالجلیل کی عمر 39 برس اور تعلق شمالی وزیرستان سے تھا، نائک گل جان کی عمر 38 برس تعلق لکی مروت سے تھا، لانس نائک عظمت اللہ کی عمر 28 سال تعلق لکی مروت سے تھا، سپاہی عبدالمالک کی عمر 28 سال تعلق خیبر سے تھا، سپاہی محمد امجد کی عمر 27 سال اور تعلق ضلع مالاکنڈ سے تھا، سپاہی محمد داؤد کی عمر 28 سال تعلق صوابی سے تھا، سپاہی فضل قیوم کی عمر 21 برس تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جانیں قربان کرکے معصوم شہریوں کو محفوظ بنایا جنہیں دہشت گردوں نے یرغمال بنا رکھا تھا، ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، ان دہشت گرد کارروائیوں میں افغان شہری بھی ملوث پائے گئے، علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کو بھی انجام تک پہنچایا جا سکے، پاکستان نے عبوری افغان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین دہشت گردوں کو استعمال نہ کرنے دے۔