Live Updates

خیبرپختونخواہ کابینہ کا اجلاس اڈیالہ جیل کے باہر منعقد کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اجلاس کی صدارت کریں گے، ممبران کو پہنچنے کی ہدایت کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 ستمبر 2025 13:47

خیبرپختونخواہ کابینہ کا اجلاس اڈیالہ جیل کے باہر منعقد کرنے کا فیصلہ
پشاور/راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر 2025ء ) خیبرپختونخواہ کابینہ کا اجلاس اڈیالہ جیل کے باہر منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخواہ کابینہ کا آج کا اجلاس اڈیالہ جیل کے باہر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے، اس حوالے سے کابینہ ارکان کو اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچنے کی ہدایت کردی گئی۔

گزشتہ اجلاس میں خیبرپختونخواہ کابینہ نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا، پی ڈی ایم اے متاثرہ خاندانوں کو ’فوڈ اسٹامپ‘ سکیم کے تحت 15 ہزار روپے فراہم کرے گا، کابینہ نے پی ڈی ایم اے کو ابتدائی طور پر ایک ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی، کابینہ نے پولیس شہداء کے لواحقین اور زخمی اہلکاروں کیلئے 18 کروڑ 3 لاکھ روپے کے خصوصی پیکیج کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا تھا کہ مہمند میں باجوڑ ایئر ریلیف آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید عملے کے لیے خصوصی شہداء پیکیج کی منظوری دی گئی، ربیع الاول کے بابرکت مہینے کے موقع پر صوبے بھر میں سیرت کانفرنسز کے انعقاد کیلئے 6 کروڑ 23 لاکھ روپے گرانٹ منظور ہوئی، کابینہ نے پشاور ہائیکورٹ کو ریلیز پالیسی سے استثنیٰ دینے اور ایس اے پی سسٹم تک مکمل رسائی کی منظوری دی، کابینہ کی جانب سے سابق ایم پی اے شوکت یوسفزئی کے علاج معالجے کیلئے 2 کروڑ روپے مالی معاونت اور تحصیل برنگ، ضلع باجوڑ میں ریسکیو 1122 سٹیشن کے قیام کیلئے دو کنال اراضی منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔

علاوہ ازیں ضلع دیر لوئر میں کمبر بائی پاس روڈ (4.5 کلومیٹر) کی تعمیر کیلئے 1380.825 ملین روپے کے منصوبے اور خیبر پختونخواہ رائٹ ٹو پبلک سروس ایکٹ 2014ء میں ترامیم کی منظوری دی گئی، صوبائی کابینہ نے رائٹ ٹو پبلک سروس کمیشن کیلئے چیف کمشنر کی تقرری اور ورکرز ویلفیئر بورڈ کیلئے دو اراکین کی نامزدگی کی منظوری دی، خیبرپختونخواہ کابینہ نے مختلف ترقیاتی سکیموں و متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے 20 ارب روپے کے ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات