پی ٹی آئی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی‘بیرسٹر گوہر علی

بدقسمتی سے مذاکرات کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا لیکن ہمیں اب بہتری کی طرف جانا چاہیے

جمعہ 25 جولائی 2025 22:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی،بدقسمتی سے مذاکرات کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا لیکن ہمیں اب بہتری کی طرف جانا چاہیے۔اس امر کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے وفد کے ہمراہ پارٹی رہنما حماد اظہر کی رہائش گاہ جا کر ان کے والد سابق گورنر پنجاب و سینئر سیاستدان میاں اظہر کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

پی ٹی آئی ارکان نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی ۔ وفد میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی ،ایم پی اے حافظ فرحت،فرخ جاوید مون، ایڈوکیٹ ابوزر سلمان نیازی شامل تھے۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میاں اظہر نے بہت اچھی زندگی گزاری، حماد اظہر ثابت قدم رہے اور جماعت کے ساتھ ثابت قدم رہے، حماد اظہر دو سال سے جمہوریت کی خاطر دور رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر فارن فنڈنگ کے الزامات لگائے گئے، پولٹیکل پارٹی کو سائیڈ لائن لگانا ملک کے لیے اچھا شگون نہیں ہے۔کوشش کرنی چاہیے کہ سختی کم کی جائے،لوگوں کو انا کم ختم کرنا ہو گی،ملک میں جمہوریت کے لیے اور بالا دستی کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام لوگوں نے برداشت کیا، بدقسمتی سے مذاکرات کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا۔میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں اب بہتری کی طرف جانا چاہیے۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 39پارلیمنٹیرین ڈس کوالیفکیشن کے رسک پر ہیں، یہ اقدام جمہوریت کے لیے خوش آئند نہیں ہوگا۔