سٹیٹ بینک نے انفرادی اورکاروباری اکائونٹ کھولنا آسان بنا دیا، بینکوں کو مرچنٹس کو ادائیگیوں کے ڈیجیٹل طریقے فراہم کرنے کی ہدایت

جمعہ 25 جولائی 2025 23:23

سٹیٹ بینک نے انفرادی اورکاروباری اکائونٹ کھولنا آسان بنا دیا،  بینکوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) بینک دولت پاکستان نے صارفین کی آن بورڈنگ کے لیے مجموعی فریم ورک جاری کر دیا ہے اور بینکوں اور زیر ضابطہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سٹور میں یا آن لائن کاروباری و تجارتی سرگرمیاں کرنے والے اپنے صارفین کو ڈیجیٹل ادائیگیاں قبول کرنے کے طریقے فراہم کریں ۔ صارفین کی آن بورڈنگ کے نئے فریم ورک کا مقصد اکائونٹ کھولنے کا عمل آسان اور معیاری بنانا اور اکائونٹ کھولنے کے لیے دستاویزات کے تقاضوں کو معقول بنانا ہے تاکہ مختلف کسٹمر ٹچ پوائنٹس پر ڈیجیٹل اور آسان انٹرفیس استعمال کیا جا سکے۔

سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ عام صارفین کے نئے اکائونٹ کھولنے میں دو دن سے زیادہ وقت نہ لیا جائے۔ اکائونٹ کھولنے کی اپنی درخواستوں کی موجودہ صورت کو ٹریک کرنے کی سہولت بھی صارفین کے پاس ہونی چاہیے جس سے یہ عمل شفاف اور صارف دوست بن جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ اقدامات سٹیٹ بینک کی طرف سے مالی شمولیت کو بڑھانے اور صارفین کے لیے سہولتیں بہتر بنانے کی کوششوں کا تسلسل ہیں۔

حالیہ برسوں میں سٹیٹ بینک نے برانچ لیس بینکنگ اکائونٹس، آسان اکائونٹس، ڈیجیٹل آن بورڈنگ اور فری لانسرز، ملک میں ترسیلات منگوانے والوں اور سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اکائونٹ کی خصوصی اقسام متعارف کرائی ہیں۔ کسٹمر آن بورڈنگ کے عمل کو زیادہ آسان، محفوظ اور موثر بنا دیا گیا ہے اور اب صارفین تمام اقسام کے اکائونٹس ڈیجیٹل طریقوں سے کھول سکیں گے۔

مزید برآں ادائیگیاں ڈیجیٹل طریقے سے قبول کرنے میں تاجروں کو سہولت دینے کی خاطر سٹیٹ بینک نے اپنے زیرِضابطہ اداروں سے کہا ہے کہ وہ تمام تاجروں کو خواہ وہ نئے ہوں یا موجودہ، ڈیجیٹل ادائیگی قبول کرنے والے کم از کم ایک طریقے سے ضرور لیس کریں، مثال کے طور پر راست کیو آر کوڈ، پوائنٹ آف سیل (پی او ایس)، ای کامرس/راست چیک آئوٹ تاکہ صارفین سٹور میں یا آن لائن خریداریوں کے لیے آسانی سے ڈیجیٹل ادائیگیاں کر سکیں۔

چھوٹے تاجروں کی آن بورڈنگ کو آسان بنانے اور ڈیجیٹل ادائیگی قبول کرنے والے کم لاگتی پوائنٹس فراہم کرنے کے لیے سٹیٹ بینک نے اپنے زیر ضابطہ اداروں کو تجویز دی ہے کہ وہ تاجروں کی مختلف زمروں میں درجہ بندی کریں جیسے بطور مائیکرو، چھوٹے اور رجسٹرڈ تاجر۔یہ اقدامات بینکاری نظام سے الگ تھلگ افراد اور کاروباری اداروں کو شامل کرنے اور افراد سے تاجروں کو بڑے پیمانے پر موجودہ نقد ادائیگیاں ڈیجیٹلائز کرنے کا ضوابطی ماحول مزید بہتر بنائیں گے۔ علاوہ ازیں اس فریم ورک میں بہترین بین الاقوامی طریقوں کے مطابق مضبوط ریگولیٹری حفاظتی تدابیر بھی فراہم کی گئی ہیں۔