Live Updates

کراچی بارشوں سے اربن فلڈنگ، سندھ حکومت اور میئر کراچی مکمل طور پر ناکام ہوئے، حلیم عادل شیخ

بدھ 10 ستمبر 2025 21:02

کراچی بارشوں سے اربن فلڈنگ، سندھ حکومت اور میئر کراچی مکمل طور پر ناکام ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)کراچی میں مسلسل بارشوں کے باعث شہر بھر میں اربن فلڈنگ کی سنگین صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے جاری صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور میئر کراچی کی نااہلی کی وجہ سے شہر ڈوب چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملیر ندی میں طغیانی کے باعث کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں، گڈاپ میں سیلابی صورتحال نے درجنوں علاقے ڈوب گئے جبکہ تھڈو ڈیم اوور فلو ہونے کے بعد اس کا پانی گھروں میں داخل ہوا سہراب گوٹھ سمیت کئی علاقے ڈوبے۔

ایم نائن پر بھی پانی آنے کے باعث ٹریفک کئی گھنٹوں تک مکمل طور پر بند رہی۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی اربن فلڈنگ کی وارننگ جاری کی تھی لیکن اس کے باوجود سندھ حکومت نے کوئی مثر اقدامات نہیں کیے۔

(جاری ہے)

اگر بارشیں اسی طرح جاری رہیں تو ایک بڑا المیہ جنم لے سکتا ہے۔ پیپلزپارٹی کے وزرا اور مشیر غائب ہیں جبکہ عوام مشکل میں ہیں۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سعدی ٹان، سپر ہائی وے اور ملحقہ آبادیوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں، سعدی ٹان اور ملیر کینٹ، میمن گوٹھ، ایئرپورٹ روڈ سمیت کئی علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع ملیر کے ساتھ، ضلع سینٹرل، ایسٹ، ویسٹ، سائوتھ، کیماڑی، اور کورنگی کے متعدد علاقے بھی زیر آب آچکے ہیں لیکن حکومتی مشینری اور ریسکیو ٹیمیں کہیں نظر نہیں آرہیں۔

وزیر اعلی سندھ مسلسل یہ تاثر دیتے رہے کہ سب کچھ کنٹرول میں ہے لیکن بارشوں کے بعد شہر لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا بارشوں کی وجہ کے الیکٹرک کی نااہلی بھی واضح ہوچکی ہے چوبیس گھنٹوں سے کئی علاقوں کی بجلی بحال نہیں ہوئی ہے۔حلیم عادل شیخ نے پی ٹی آئی کے تمام ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوں اور ہر ممکن مدد فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی عوام کو اس مشکل گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پانی کی نکاسی کے اقدامات کیے جائیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات