شیری رحمان کی راولپنڈی میں لڑکی کو جرگے کے فیصلے پر قتل کرنے کے اندوہناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت

بلوچستان سے راولپنڈی تک خواتین کا قتل، جرگوں اور روایتی فیصلوں کی چھتری تلے کیا جا رہا ہے، یہ روش ملک کے مستقبل کے لیے زہر قاتل ہے، نائب صدر پیپلز پارٹی

جمعہ 25 جولائی 2025 23:33

شیری رحمان کی راولپنڈی میں لڑکی کو جرگے کے فیصلے پر قتل کرنے کے اندوہناک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے راولپنڈی میں لڑکی کو جرگے کے فیصلے پر قتل کرنے کے اندوہناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان سے راولپنڈی تک خواتین کا قتل، جرگوں اور روایتی فیصلوں کی چھتری تلے کیا جا رہا ہے، یہ روش ملک کے مستقبل کے لیے زہر قاتل ہے۔

اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ خواتین کو روایات کی بھینٹ چڑھانا ناقابل برداشت ہے، ریاستی ادارے ہر سطح پر ایسے غیر قانونی فیصلوں کو جڑ سے اکھاڑیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ قانون شکنی اور غیر انسانی فیصلوں پر زیرو ٹالرنس ہونی چاہیے، ورنہ معاشرتی بوسیدگی ریاستی نظام کو کھا جائے گی، شیری رحمان نے کہاکہ بلوچستان ہو یا راولپنڈی، ایک ہی پیغام دینا ہوگا: عورت کی جان، عزت اور آواز مقدم ہے، اسے دبانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔

انہوںنے کہاکہ جرگے کی سرپرستی کرنے والے بھی قتل میں برابر مجرم ہیں، خواتین کو جرگوں کے فیصلوں پر قتل کرنا ناقابل برداشت ہے۔ انہوںنے کہاکہ مجرموں کے ساتھ دہشتگردوں کی طرح نمٹا جائے، کوئی رعایت نہ دی جائے، سدرہ کے قاتل معاشرے کے مجرم ہیں، ان کا دفاع بھی جرم ہے۔