پاکستان میں ہر سال سروائیکل کینسر سے 3 ہزار خواتین جان کی بازی ہار جاتی ہیں، ہسپتالوں سے پہلے بیماریوں کی روک تھام پرتوجہ دینا ہو گی، وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال

پیر 15 ستمبر 2025 13:34

پاکستان میں ہر سال سروائیکل کینسر سے 3 ہزار  خواتین جان کی بازی ہار جاتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہماری ترجیحات کے باعث مریضوں میں کمی واقع ہو رہی ہے، ہسپتالوں سے پہلے بیماریوں کی روک تھام پرتوجہ دینا ہو گی، پاکستان میں ہر سال سروائیکل کینسر سے 3 ہزار سے زائد خواتین جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز، F-7/4 میں ایچ پی وی ویکسین مہم کے باقاعدہ افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمارے لیے صحت کے نظام میں نئی سمت کا آغاز ہے، ہسپتالوں سے پہلے ہمیں بیماریوں کی روک تھام پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم 15 سے 27 ستمبر تک پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے سرکاری سکولوں میں چلائی جائے گی جس کے تحت 9 سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین مفت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال سروائیکل کینسر سے 3,000 سے زائد خواتین جان کی بازی ہار جاتی ہیں اور ہمیں اپنی بیٹیوں اور بہنوں کو اس موذی مرض سے بچانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ویکسین بچیوں کے لیے محفوظ ہے اور اس بارے میں جھوٹے پراپیگنڈے پر یقین نہ کریں، احتیاط علاج سے بہتر ہے۔ وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے کہا کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے اور اس ویکسین کے ذریعے ہم اپنی بچیوں کو سروائیکل کینسر سے محفوظ ر کھ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مہم فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای)کے تعاون سے سرکاری سکولوں میں شروع کی گئی ہے جس کے تحت پبلک سیکٹر کی بچیوں کو مفت ویکسین فراہم کی جائے گی۔وزیر مملکت نے کہا کہ اس ویکسین کی بدولت ہم اپنی بیٹیوں کو ایک مہلک بیماری سے محفوظ رکھ سکتے ہیں اور یہ اقدام ملک کے صحت عامہ کے نظام میں مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی نظامت تعلیمات اس مہم میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے جبکہ مفتی حضرات کی جانب سے بھی اس ویکسین کی حمایت میں بیانات سامنے آ رہے ہیں جس سے والدین کا اعتماد بڑھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے اس مہم کو کامیاب بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔\932