سعودیہ ٹریفک حادثہ؛ ایک ہی خاندان کے 7 پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق

ضلع بونیر کے علاقہ ڈاگئی طوطالئی سے تعلق رکھنے والے 13 افراد کا قافلہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گیا تھا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 26 جولائی 2025 11:27

سعودیہ ٹریفک حادثہ؛ ایک ہی خاندان کے 7 پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق
مدیہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی 2025ء ) سعودی عرب میں ٹریفک حادثے کے باعث ایک ہی خاندان کے 7 پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے پاکستانیوں کو سفر کے دوران پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع بونیر سے تعلق رکھنے والے 7 پاکستانی جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع بونیر کے علاقہ ڈاگئی طوطالئی سے تعلق رکھنے والے 13 افراد کا قافلہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گیا جہاں زائرین عرفات سے مدینہ جارہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونمے والے افراد کا تعلق عمر باچا کے خاندان سے ہے جو عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے تھے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ جاں بحق افراد کی نماز جنازہ آج رات سعودی عرب میں ادا کی جائے گی، زخمی افراد کو سعودی ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے، جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان یا قریبی رشتہ داروں سے بتایا جا رہا ہے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں غم کا ماحول بن گیا اور ڈاگئی طوطالئی میں ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

قبل ازیں رواں برس اپریل میں بھی سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی بس حادثے کا شکار ہونے سے تین خواتین سمیت 5 پاکستانی جاں بحق اور متعددافراد زخمی ہوگئے تھے، ضلع بہاولنگر سےگئےعمرہ زائرین کی بس میدان بدر سے مدینہ واپس آتے ہوئے ٹرالر سے ٹکراگئی تھی، جس کے نتیجے میں بس میں سوار 3 خواتین سمیت 5 عمرہ زائرین جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، حادثے کا شکار ہونے والی بس میں ضلع بہاولنگر کے رہائشی 48 عمرہ زائرین سوار تھے اور میدان بدر کی زیارت کرکے مدینہ واپس آرہے تھے۔