ڈی جی آئی ایس پی آر کی لاہور میں طالب علموں کے ساتھ خصوصی نشست

آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، طلباء نے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کے ساتھ نشست کو خوش آئند قرار دیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 26 جولائی 2025 12:02

ڈی جی آئی ایس پی آر کی لاہور میں طالب علموں کے ساتھ خصوصی نشست
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی 2025ء ) ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز پبلک ریلیشنز لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست میں معرکہ حق (آپریشن بنیان مرصوص) کی زبردست فتح کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست کی، اس دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے نشست میں بھارت کے آپریشن سندور کو خاک میں ملانے اور معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کی زبردست فتح کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، انہوں نے خصوصی طور پر معرکہ حق کے دوران نوجوانوں کے جذبے، سوچ اور حب الوطنی کو سراہا۔

فوج کے ترجمان ادارے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ طلباء نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے معاشرتی و قومی امور بالخصوص سکیورٹی کے تناظر میں کھل کر سوالات کیے، نشست کے اختتام پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلباء نے خصوصی طور پر ملی نغمے کے ذریعے پاک فوج کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا اور قومی اتحاد کی بہترین ترجمانی کی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلبہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ نشست کو خوش آئند قرار دیا اور مستقبل میں بھی ایسی نشست کے اہتمام کی دلی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے لاہور میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور نوجوانوں کے ساتھ خصوصی نشست کی، اس موقع پر انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص میں پاک افواج کی کامیابی کو قوم کی کامیابی قرار دیا، ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ قوم بلا مذہبی امتیاز دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی صورت کھڑی ہو کر فتح یاب ہوتی ہے، پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ تاریخ اور قومی نصب العین کی بدولت یک دل اور یک جان ہیں، پاکستان ایک امن اور ترقی پسند ملک ہے، بین المذاہب ہم آہنگی ہماری قومی طاقت کی اساس ہے، وطن کے روشن مستقبل کیلئے نوجوانوں کا کردار بہت اہم ہے۔