فلسطین، متاثرین جنگ کے لیے سیلانی دستر خوان سے خوراک کی فراہمی

روزانہ تقریباً ساڑھے چھ ہزار مسلمان بھائیوں ،خواتین اور بچوں میں خوراک تقسیم کی جارہی ہے،سیلانی ویلفیئر مخیر حضرات سیلانی کو امریکا ،برطانیہ ،کینیڈا او ر ترکیہ کے بینک اکائونٹس کے ذریعے عطیات دیں،مولانا بشیر فاروقی

ہفتہ 26 جولائی 2025 16:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)غزہ میں جنگ کے متاثرین فلسطینی بھائیوں کے لیے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے تحت غذائی امداد کا سلسلہ جاری ہے اور روزانہ تقریباً ساڑھے چھ ہزار مسلمان بھائیوں ،خواتین اور بچوں میں خوراک تقسیم کی جارہی ہے۔تفصیلات کے مطابق فسلطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں متاثرین جنگ کے لیے امدادی کیمپوں میں غذائی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔

اس کمی کو دور کرنے کے لیے سیلانی ویلفیئر نے ترکیہ کے امدادی و فلاحی اداروں کے تعاون سے خوراک کی مسلسل فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔یہ کیمپ فلسطین میں غزہ کے علاقے خان یونس میں قائم ہیں جہاں ہزاروں متاثرین پناہ گزین ہیں۔امدادی خوراک اور کھانوں میںروٹیاں، سبزیاں ، انڈے ، آلو وغیرہ کے سالن تیار کرکے فراہم کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

خان یونس میں قائم کیمپوں حوریا کیمپ، وجدان کیمپ، پریکٹیکل یونی ورسٹی کیمپ اور اقصی یونی ورسٹی کیمپ شامل ہیں۔

ان کیمپوں میں پناہ گزین 5000 متاثرین کے لیے اور جنوبی غزہ کے علاقے ضلع المواصی میں قائم ہوپ کچن میں روزانہ 1500 متاثرین کے لیے سیلانی دستر خوان لگایا جارہا ہے۔دریں اثنا سیلانی کے بانی اور چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروقی نے اسرائیل کی جانب سے جاری مسلسل جارحیت کی ایک بار پھر شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کیمپوں میں مقیم متاثرین جنگ تک خوراک کی فراہمی تمام انسانوں پر فرض ہے۔

ان متاثرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جو غذائی قلت کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ جنگ مسلط کرنے والوں نے متاثرین تک امداد یا خوراک پہنچانا ناممکن بنایا ہوا ہے تاہم بہت سی مشکلات کے باوجود ترکیہ کے فلاحی اداروں کے ذریعے سیلانی نے بھی اس نیک کام میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ سیلانی نے پہلے بھی یہ اعلان کیا تھا کہ جنگ بندی کے ساتھ ہی سیلانی وہاں آباد کاری اور بحالی کے کاموں میں حصہ لے گا لیکن افسوس کہ تاحال جنگ بندی کے لیے مثبت پیش رفت سامنے نہیں آسکی ہے۔

انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ میں غذائی قلت کے شکار مسلمان بھائیوں کی فوری امداد کے لیے سیلانی کو امریکا ،برطانیہ ،کینیڈا او ر ترکیہ کے بینک اکاونٹس کے ذریعے عطیات دیں تاکہ ان عطیات کو ترکیہ کے فلاحی اداروں کی مدد سے متاثرین جنگ کے لیے استعمال کیا جاسکے۔بینک اکاونٹس کی تفصیلات سیلانی کی ویب سائٹس پر موجود ہیں۔