سندھ ہائی کور ٹ کا آئس،چرس اور منشیات برآمدگی کے مقدمے میں خاتون سمیت 30 سے زائد گرفتار ملزمان کو ضمانت ر ہا کرنے کا حکم

ہفتہ 26 جولائی 2025 16:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)سندھ ہائی کور ٹ نے آئس،چرس اور منشیات برآمدگی کے مقدمے میں خاتون سمیت 30 سے زائد گرفتار ملزمان کو ضمانت ر ہا کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔سندھ ہائیکورٹ میں ملزمان سے آئس،چرس اور منشیات برآمدگی کے مقدمے میں خاتون سمیت 30 سے زائد گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ملزمان کسی دوسرے مقدمے میں نامزد یا پولیس کا مطلوب ہیں پولیس نے ملزمان کا مکمل سی آر او ریکارڈ پیش کردیا۔

پراسیکیوٹر نے موقف دیا کہ ملزمان کو مختلف تھانوں کی پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ ملزمان سے مختلف مقدار کی آئس، چرس،گانجا اور دیگر منشیات برآمد ہوئی ہے۔ ملزمان میں شعیب، عبد القدوس، عبدالخالد، عنایت اللہ، عبد المجید عرف مسلم، نوشاد عرف پہاڑی مسمات شہناز، نیاش خان، اویس جان محمد اور دہگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارلس دیئے کہ پچھلی سماعت پر پراسیکیوٹر نے کہا تھا ڈرگز کیسز کا ٹرائل چلانے کے لیئے صوبائی حکومت نے قانون سازی کرلی ہے۔

اب کہا جارہا ہے ڈرافٹ وزیر اعلی نے منظور کرلیا ہے اسپیشل عدالتوں کی منظوری کابینہ دے گی۔ ملزمان کا ٹرائل چلانے کے لیئے خصوصی عدالتیں ہی قائم نہیں ہوئیں تو ایسے جیل میں رکھ کر کیا کرنا ہی پراسیکیوٹر نے موقف دیا کہ جب تک اسپیشل عدالتیں قائم نہیں ہوتیں عام عدالتیں ملزمان کیخلاف ٹرائل کرسکتی ہیں۔ عدالت نے خاتون سمیت 30 سے زائد گرفتار ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ملزمان کو 50 ہزار سے 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔